پی ٹی وی کی مقبولیت میں اچانک غیر معمولی اضافہ ، عالمی میڈیا کا اعتراف

ترقی کے راہ میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا،قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں،ق ومی ادارے کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو شدید ناکامی ہوئی،ترجمان

پیر 1 جون 2020 19:44

پی ٹی وی کی مقبولیت میں اچانک غیر معمولی اضافہ ، عالمی میڈیا کا اعتراف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) پاکستان ٹیلی وڑن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کی موجودہ انتظامیہ کی اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوںکی بدولت قومی ادارے نے انتہائی کم وقت میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔پی ٹی وی پر پیش کیے جانے والے ڈرامہ سیریل’’غازی ارطغرل‘‘ نے مقبولیت کی دوڑ میں عالمی معیار کے بہترین چینلز کو بھی بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ اس حقیقت کا برملا اعتراف کر رہے ہیں کہ پی ٹی وی نے اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کا بھرپور طریقے سے آغاز کر دیا ہے۔پی ٹی وی کے شائقین اور صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد سے پی ٹی وی کی مقبولیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ پی ٹی وی ہوم کے یوٹیوب چینل پر پیش کیے جانے والے ارطغرل غازی کی صرف پہلی قسط کے ناظرین کی تعداد چار کروڑ چوہتر لاکھ تک پہنچ چکی ہے جو پی ٹی وی کی تاریخ کی واحد مثال ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی وی کی اس غیر معمولی کامیابی نے اس مخصوص مافیا کے پیٹ مروڑ پیدا کر دیے ہیں جس کا ہدف قومی اداروں کو ناکام دیکھنا اور مایوسی پیدا کرنا ہے۔سوشل میڈیا پر کچھ مخصوص افراد صحافت کا لبادہ اوڑھ کر قومی ادارے پی ٹی وی کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔چھوٹے چھوٹے آن لائن چینلز پر حقائق کے منافی اور من گھڑت خبریں چلا کر پی ٹی وی کے امیج کو نقصان پہنچانے کی کوشش ایک سعی لاحاصل ہے۔

سوشل میڈیا کے یہ چینلز جن کے صارفین کی تعداد ایک سو بھی نہیں ہے پی ٹی وی پر تنقید کر کے اپنا قد کاٹھ بڑھانا چاہتے ہیں جو کہ ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ادارے کی ترقی و استحکام کا سفر اسی رفتار سے جاری رہے گا۔کسی بھی شخص کو اس بات کی قطعی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ایک قومی ادارے اور اس سے منسلک باوقار شخصیات کے خلاف ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے لغو اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کرے۔ادارہ ایسے تمام افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مکمل حق رکھتا ہے جو سوشل میڈیا پر حقائق کے منافی خبریں چلا کر قومی ادارے کی مقبولیت اور ساکھ کوخراب کرنا چاہتے ہیں۔