ہزارہ پولیس نے شکایات، تجاویز اور عوامی روابط کے قیام کیلئے شکایت سروس ’’پولیس ایکسیس سروس‘‘ کو دوبارہ فعال کر دیا

بدھ 3 جون 2020 18:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) ہزارہ پولیس نے عوامی شکایات، تجاویز موصول کرنے اور عوامی روابط قائم کرنے کیلئے شکایت سروس ’’پولیس ایکسیس سروس‘‘ کو دوبارہ فعال کر دیا جس کا مقصد عوام کو پولیس افسران تک آسان رسائی دینا ہے اور لوگوں کی شکایات اور تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنا اور لوگوں کو ان کی فنگر ٹپس کے ذریعہ ڈی آئی جی ہزارہ کو اپنی شکایات، تجاویز، اہم معلومات، مجرمان اور جرائم پیشہ افراد کے بارے میں معلومات باآسانی بذریعہ موبائل نمبر 03461119650 پر میسج کر کے ڈی آئی جی ہزارہ تک پہنچا سکیں گے۔

محکمہ پولیس کے اہلکاران بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے، وہ بھی اپنے پیشہ ورانہ مسائل کے بارے میں ڈی آئی جی ہزارہ کو آگاہ کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی انسپکٹر جنر ل آف پولیس ہزارہ ریجن قاضی جمیل الرحمن نے اس حوالہ سے کہا کہ پولیس ایکسس سروس کو بحال کرنے کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلوں کو مزید کم کرنا ہے اور لوگوں کی شکایات کے بروقت ازالہ کو یقینی بنانا ہے، اس سے نہ صرف جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع ہو گا بلکہ امن و امان کے قیام میں بھی بہت مدد ملے گی۔

ہزارہ کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ قیام امن اور جرائم کے خاتمہ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے ہزارہ پولیس کا ساتھ دیں اور پولیس میں مزید بہتری لانے، جرائم کے خاتمہ کیلئے اس سسٹم کے ذریعہ ہمارا بھرپور ساتھ دیں، جرائم پیشہ افراد اور دیگر اہم معلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ ڈی آئی جی ہزارہ قاضی جمیل الرحمن نے ہزارہ ریجن کے تمام ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں بھی اس سسٹم کو دوبارہ فعال کریں اور ریجن آفس کی جانب سے بھیجی جانے والے ایس ایم ایس کے ذریعہ موصول ہونے والی شکایات، تجاویز و معلومات پر فوری عمل درآمد کر کے ریجن آفس کو جواب ارسال کریں۔

ڈی پی اوز صاحبان اپنے اپنے اضلاع کے ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کریں کہ ریجنل آفس کی جانب سے موصول ہونے والے میسج پر 24 گھنٹے کے اندر شکایات کنندہ سے رابطہ کر کے قانونی تقاضا پورے کرتے ہوئے شکایات کا ازالہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران و جوانوں بذریعہ میسج اپنے پیشہ وارانہ مسائل و تجاویزسے آگاہ کر سکتے ہیں، ڈی پی او ز بھی پولیس افسران و جوانوں کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات و پیشہ وارانہ مسائل کے حل کیلئے بھی ہر ممکن عمل درآمد کریں تاکہ پولیس اہلکار اپنے فرائض کو خوش اسلوبی سے ادا کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :