ڈپٹی کمشنرڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر کا شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ

جمعرات 4 جون 2020 19:55

پشاور۔04 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) ڈپٹی کمشنرڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر کا شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا ہے کورونا وائرس کے تدارک کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے دوکانوں کا معائنہ کیا، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی جبکہ عملدرآمد کرنے والے دکانداروں کو شاباش دی۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی احکامات کی روشنی میں کورونا وائرس کے تدارک کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرانے اور بازاروں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا۔ اس دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود، پاک آرمی کے کرنل شاہد اور انجمن تاجران کے نمائندے بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے کئی دکانوں کو سیل کر دیا اور تمام دکانداروں کوسختی سے متنبہ کیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس موقع پر دکانداروں میں مفت ماسک بھی تقسیم کیے جبکہ درانی جیولرز کی جانب سے ہزار فیس ماسک کی امداد فراہمی جیسے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی سطح کا چیلنج ہے جسکا واحد علاج احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد ہے لہذا ہم سب کو چاہیے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر نہ صرف خود مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں بلکہ اپنے متعلقین کو بھی اس بات کی تلقین کریں کیونکہ ہم سب نے ملکر نہ صرف اس آفت کا مقابلہ کرنا ہے بلکہ اسے شکست سے دوچار کرنا ہے۔