مظفرگڑھ ۔بغیر سیفٹی آلات گیس فلنگ پوائنٹس قائم

جمعہ 5 جون 2020 18:13

مظفرگڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) مظفرگڑھ کے قصبہ کرمداد قریشی کی مارکیٹوں میں بغیر سیفٹی آلات گیس فلنگ پوائنٹس قائم ، معمولی غفلت کے باعث بڑا واقعہ رونما سکتا ھے۔ سول ڈیفنس مظفرگڑھ خاموش ، فوری سد باب کیا جائے ، قصبہ کرمداد قریشی کے مکینوں کا ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس مظفرگڑھ سے مطالبہ۔

تفصیل کے مطابق مظفرگزھ کے قصبہ کرمداد قریشی میں بڑے عرصہ سے مختلف مارکیٹوں ،شاہ جمال چوک ، ملتان روڈ ،سان نالا ، شاہ جمال روڈ اور گرلز کالج تک غیر قانونی اور بغیر سیفٹی آلات کے ایک درجن سے زائد گیس فلنگ پوائنٹس قائم ھیں۔گیس فلنگ کرنے والے دوکانداروں کے پاس حالات سے نمٹنے کیلئے کوئی احتیاطی تدابیر اور سفٹی آلات موجود نہیں ھیں ، معمولی سی غفلت کے باعث کوئی بڑا واقعہ رونما ھو سکتا ھے ، جس سے صرف گیس فلنگ کی دوکان کو نقصان کے بجائے پوری مارکیٹ کو نقصان اور انسانی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں محکمہ سول ڈیفنس مظفرگڑھ نے ضروری کاروائی کی بجائے مکمل طور پر خاموشی اختیار کر رکھی ھے۔ رضوان اکرم تھیم ایڈووکیٹ ، شاہد شبیر سہرانی ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر عبدالحق سہرانی ، میاں فرحان عزیز قریشی ، ملازم خان سہرانی ، ڈاکٹر طارق سہرانی اور ملک کامران کھوکھر نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس مظفرگڑھ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نوٹس لیکر غیر قانونی اور بغیر سیفٹی کے گیس فلنگ کرنے والے دوکانداروں کے خلاف کارروائی کرکے ہر فلنگ پوائنٹس پر سیفٹی آلات کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔