نیوزی لینڈ کے وزیر صحت نے لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی پر استعفیٰ دیدیا

جمعرات 2 جولائی 2020 11:28

نیوزی لینڈ کے وزیر صحت نے لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی پر استعفیٰ دیدیا
ولنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) نیوزی لینڈ کے وزیر صحت ڈیوڈ کلارک نے لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی کرنے اور حکومت کے کورونا وائرس کے خلاف ردعمل پر تنقید کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ جمعرات کو برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیرِاعظم جسنڈا آرڈرن نے ڈیوڈ کلارک کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق ڈیوڈ کلارک نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران اپنے خاندان کو ساحل پر لے جا کر لاک ڈاؤن قواعد کی خلاف ورزی کی تھی۔

ڈیوڈ کلارک نے کہا ہے کہ اگر وہ اپنے عہدے پر کام جاری رکھتے تو یہ ان کی حکومت کے عالمی وبا کے خلاف ردِ عمل سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہوتا۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ کی وزیرِاعظم جسنڈا آرڈرن نے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے وزیرِ صحت ڈیوڈ کلارک کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مہلک کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے حوالے سے نیوزی لینڈ نے کامیاب اقدامات کئے ہیں۔

ملک میں صرف 1528 افراد کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے گذشتہ ماہ وائرس کے پھیلاؤ کے بعد لگائی جانے والی پابندیاں ہٹادی تھیں اور ملک کو وائرس سے پاک قرار دے دیا گیا تھا۔ تاہم ملک میں سرحدوں پر بنائے گئے قرنظینہ مراکز کی پالیسیز کے حوالے سے تنقید کی گئی ہے۔ ادھر نیوزی لینڈ کے مستعفی وزیر صحت ڈیوڈ کلارک نے کہا کہ میں بطور وزیرِ صحت اپنے فیصلوں کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مستعفی ہونے کا صحیح موقع ہے کیونکہ اس وقت ملک میں مقامی منتقلی کے کیسز نہیں ہے۔