ابوظہبی میں احتیاطی تدابیر کیساتھ چند مقامات پر ساحل اور پارک کھول دئیے گئے

تمام پارکس اور ساحلی مقامات کی گنجائش کے مقابلے میں صرف 40 فیصد افراد ہی کے داخلے کی اجازت ہوگی

جمعہ 3 جولائی 2020 15:17

ابوظہبی میں احتیاطی تدابیر کیساتھ چند مقامات پر ساحل اور پارک کھول ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میںکچھ پارک اور ساحلی تفریحی مقامات کھول دئے گئے تاہم وہاں داخل ہونے والوں کیلیے ضروری ہوگا کہ ان کا جسمانی درجہ حرارت نارمل ہو اور وہ کورونا وائرس سے متاثر نہ ہونے کا سرکاری سرٹیفکیٹ بھی رکھتے ہوں۔ علاوہ ازیں تمام پارکس اور ساحلی مقامات کی گنجائش کے مقابلے میں صرف 40 فیصد افراد ہی کے داخلے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق ابوظہبی کے ڈیپارٹمنٹ آف میونسپلٹیز اینڈ ٹرانسپورٹ(ڈی ایم ٹی)نے اعلان کیاکہ جمعہ سے ابوظہبی، العین اور الظفرہ کے علاقوں میں کھولے جانے والے ساحلی اور دیگر تفریحی مقامات میں داخلے کیلیے اسمارٹ ہب پلیٹ فارم کے ذریعے ایڈوانس بکنگ لازمی ہوگی جبکہ سرکاری ایپ الحسن کے ذریعے انہیں اپنا ہیلتھ اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتے ہوئے یہ تصدیق کرانا ہوگی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔تفریحی مقامات کھولنے کے باوجود، دیگر تمام احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جائیں گی جن میں داخلے کے وقت سینیٹائزیشن اور جسمانی درجہ حرارت کی جانچ بھی شامل ہیں۔ کوئی بھی شخص ان مقامات پر بغیر ماسک پہنے داخل نہیں ہوسکے گا۔