کرونا سے نکلنے کے لیے سائنس پل کا درجہ رکھتی ہے، یونیسکو میں سعودی مندوب

کہ تغیرات کا مقابلہ عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے، شہزادی ہیفا کا اجلاس سے خطاب

اتوار 5 جولائی 2020 12:10

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) تعلیم ، سائنس اور ثقافت سے متعلق اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یونیسکو کی مجلس عاملہ کا 209 واں اجلاس پیرس میں تنظیم کے صدر دفتر میں شروع ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی مندوب شہزادی ہیفا کا کہنا تھا کہ تغیرات کا مقابلہ عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے،اس طرح اقوام کے درمیان امن ، ان کے بیچ ثقافتی رابطوں کے قیام اور معاشروں کو با اختیار بنانے کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کو کامیابی سے ہم کنار کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ہماری ثقافت اور ہماری زبان مختلف ہے تاہم ہم اپنے اس یقین میں ایک دوسرے کو شریک کر رہے ہیں کہ تعلیم کا حصوصل سب کا حق ہے اور اپنے ورثے کی حفاظت کا مطلب اپنے مستقبل کا تحفظ ہے، ایجاد اور سائنس وہ پل ہے جس کے ذریعے ہم اس وبا سے نکل سکیں گے جس کا آج ہماری دنیا کو سامنا ہے۔

(جاری ہے)

شہزادی ہیفا نے باور کرایا کہ سعودی عرب ہمیشہ سے افریقی ممالک کی سپورٹ کرتا رہا ہے اور اس بات کو بھی واضح کرتا رہا ہے کہ وہ یونیسکو کے مختلف شعبوں میں اپنے تجربات کے تبادلے کے لیے تیار ہے۔

یونیسکو کی مجلس عاملہ کا رکن ملک ہونے کی حیثیت سے سعودی عرب اس اجلاس میں شرکت کر رہا ہے جو 11 روز تک جاری رہے گا۔ اس دوران تعلیم، سائنس اور ثقافت کے شعبوں سے متعلق تمام بین الاقوامی معاملات کو زیر بحث لایا جائے گا۔ ان امور کا جائزہ لے کر ان کے حوالے سے فیصلے ہوں گے اور پھر قرار دادوں پر رائے شماری عمل میں آئے گی۔