اٹلی میں کرونا ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں پیش رفت

امریکی کمپنی نے دوا ساز کمپنی کے ساتھ ویکسین کی تیاری میں مدد کے لیے اشتراک کر لیا

منگل 7 جولائی 2020 21:40

اٹلی میں کرونا ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں پیش رفت
روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2020ء) اٹلی میں کرونا ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے، ایک امریکی کمپنی نے دوا ساز کمپنی کے ساتھ ویکسین کی تیاری میں مدد کے لیے اشتراک کر لیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی میں واقع امریکی گروپ کیٹالینٹ (Catalent) کے ایک پروڈکشن پلانٹ نے کو وِڈ 19 کے لیے ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں مدد دینے کے لیے دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن (J&J) کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

(جاری ہے)

اٹلی کے وزیر صحت رابرٹو سپیرانزا نے روم سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود قصبے اناگنی میں واقع پلانٹ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ جس ویکسین پر جانسن اینڈ جانسن کام کر رہی ہے، وہ یہیں اس پلانٹ پر مکمل ہوگی۔اٹلی میں ممکنہ ویکسین تیار کرنے کا یہ منصوبہ دونوں امریکی کمپنیوں کے مابین موجود معاہدے کی توسیع ہے امریکی کمپنی کیٹالینٹ نے جے اینڈ جے کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ویکسین کی شیشی کی بھرائی اور اس کی پیکیجنگ سروسز امریکی ریاست انڈیانا کے شہر بلومنگٹن میں واقع پلانٹ میں ہونی تھی۔اٹلی کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ اب ویکسین کی تیاری کا پورا عمل اٹلی ہی میں ہوگا۔