بلوچستان میں گزشتہ چار ماہ سے کورونا کے پھیلاؤ کی شرح اب کم ہونا شروع ہوگئی

جمعرات 9 جولائی 2020 12:28

بلوچستان میں گزشتہ چار ماہ سے کورونا کے پھیلاؤ کی شرح اب کم ہونا شروع ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) بلوچستان میں گزشتہ چار ماہ سے کورونا کے پھیلاؤ کی شرح اب کم ہونا شروع ہوگئی۔بلوچستان میں چارماہ قبل تفتان کے راستے آنے والی کورونا کی وبا نے 120 روز کے دوران ایک رکن اسمبلی سمیت 200 سے زائد افراد کی جان لے لی ، 11 ہزار کے لگ بھگ افراد اس وبا کا شکار ہوئے جن میں سے اب تک 6 ہزار صحت مند ہوچکے ہیں،صوبے میں اس وقت کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 4586 ہے تاہم پچھلے دو ہفتوں کے دوران کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کے مطابق اگر شہریوں نے اگلے ایک ماہ تک حکومتی ایس او پیز پر بہتر عمل جاری رکھا تو صوبے سے اس وبا کے خاتمے کے واضح آثار نمایاں ہوجائیں گے مگر یہ وبا صوبے کے ناقص نظام صحت کو عیاں کرگئی ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح کم ضرور ہوئی ہے تاہم یہ ختم نہیں ہوا لہٰذا عیدالاضحیٰ سمیت اگلے ایک ماہ تک شہریوں نے حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کیا تو صوبے کے کورونا فری ہونے کے امکانات ہوسکتے ہیں مگر اس کیلئے صبر آزما انتظار کی ضرورت ہے۔