متحدہ عرب امارات کا مریخ پر بھیجا جانے والا پہلا تحقیقاتی مشن خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا

جاپان میں مشن کے لانچ سائٹ 'تنے گشیما جزیرے' پر موسمی حالات کی خرابی کی وجہ سے اب مشن جولائی کو روانہ ہوگا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 14 جولائی 2020 21:59

متحدہ عرب امارات کا مریخ پر بھیجا جانے والا پہلا تحقیقاتی مشن خراب ..
دبئی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جولائی 2020ء) : متحدہ عرب امارات کا مریخ پر بھیجا جانے والا پہلا تحقیقاتی مشن خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، جاپان میں مشن کے لانچ سائٹ 'تنے گشیما جزیرے' پر موسمی حالات کی خرابی کی وجہ سے اب مشن جولائی کو روانہ ہوگا، تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے منگل کو مریخ کی جانب روانہ کیے جانے والے اپنے پہلے تحقیقاتی مشن کو موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کر دیا ہے۔

محمد بن راشد سپیس سینٹر کے مطابق یہ مشن جاپان کی ایک لانچ سائٹ سے روانہ کیا جانا تھا۔ متحدہ عرب امارات کی خلائی ایجنسی اور محمد بن راشد خلائی مرکز نے مستوبشی ہیوی انڈسٹریز کے اشتراک سے جاپان میں تینیگشیما جزیرے سے مشن کے لانچ سائٹ پر موسمی حالات کی خرابی کی وجہ سے 'امارات مارس ہوپ مشن' کی لانچ میں تاخیر کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

'مارس ہوپ' کے تحقیقاتی مشن کی لانچ 15 جولائی کو رات 12بج کر 51منٹ پر ہونی تھی لیکن اب یہ لانچ جمعہ کے روز 17 جولائی کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق رات 12بج کر 43 منٹ پر ہوگی۔

یاد رہے کہ مریخ کی جانب بھیجے جانے والے اس تحقیقاتی مشن کے حوالے سے محمد بن راشد سپین سینٹر اور مٹسوبشی ہیوی انڈسٹریز کے درمیان معاہدہ ہوا تھا۔ اس معاہدے کے تحت انسان پائلٹ کے بغیر ایک خلائی مشن، جسے 'ہوپ' کا نام دیا گیا ہے، مریخ کے ماحول کا جائزہ لینے کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ اس تحقیقات کا مقصد انسانوں کو مریخ کے ماحول کی ایک مکمل تصویر دینا ہے۔ جمع کردہ ڈیٹا کو دنیا بھر میں 200 سے زیادہ تحقیقی مراکز کے ساتھ بانٹا جائے گا۔اگر یہ مشن کامیاب ہو جاتا ہے تو متحدہ عرب امارات وہ پہلا عرب ملک ہو گا جو کسی دوسرے سیارے تک رسائی حاصل کر سکا ہے۔