برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد30 لاکھ 31 ہزار سے بڑھ گئی، ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک

پیر 10 اگست 2020 10:36

ریوڈی جنیرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) لاطینی امریکی ملک برازیل میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد30لاکھ35 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک ایک لاکھ ایک ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ پیر کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برازیل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ23010 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے مریضوں کی تعداد 3035582 تک پہنچ گئی ہے۔

برازیل میں اس وقت کورونا وائرس کی815986 فعال مریض ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 572 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد101136 ہے۔

(جاری ہے)

برازیل میںاب تک 21 لاکھ 18ہزار سے زائد کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ برازیل کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں کے اعتبار سے سب سے زیادہ متاثرہ دنیا کا دوسرا ملک ہے۔

برازیل میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق اس سال 26 فروری کو ہوئی تھی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ساؤ پالو اور ریوڈی جنیرو کورونا وائرس سے شدید متاثر ہیں اور ملک کے دونوں بڑے شہروں میں کورونا وائرس کا پھیلائو بڑھ رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ برازیل میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتیں ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو مطابق برازیل میں تین ماہ کے دوران وائرس سی50 ہزار افراد ہلاک ہوئے جبکہ 50 دنوں میں یہ تعداد دو گناہ ہوگئی۔ برازیل میں30 لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، اگرچہ ملک میں وائرس ابھی عروج پر ہے تاہم دکانیں اور ریستوران کھول دیئے گئے ہیں۔ برازیل کی وزرات صحت کے مطابق ملک میں وائرس کے 3012412 مصدقہ کیسز ہیں تاہم ناکافی ٹیسٹنگ کے باعث ان کیسز کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس سے سب سے زائد متاثر شہر سائو پاؤلو ہے جہاں اب تک 25114 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ریوڈی جنیرو میں 14080 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔