امریکا میں2 ہفتوں میں قریباً ایک لاکھ بچے کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

امریکا میں اسکول کھولنے کی تیاری کی جارہی ہے، بچوں میں وائرس کی تشخیص سے والدین شدید پریشانی میں مبتلا، اگر اسکول کھولے گئے تو بچوں میں وائرس پھیلنےکا خطرہ بڑھ جائےگا۔ امریکی اکیڈمی برائے اطفال کی رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 اگست 2020 15:23

امریکا میں2 ہفتوں میں قریباً ایک لاکھ بچے کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2020ء) امریکا میں 2 ہفتوں میں قریباً ایک لاکھ بچے کوروناوائرس کا شکار ہوگئے، جس سے والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں، امریکی حکومت ایس اوپیز کے ساتھ سکول کھولنے کی تیاری کررہی ہے۔ امریکی اکیڈمی برائے اطفال کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس بڑوں کے ساتھ بچوں کوبھی شدید متاثر کررہا ہے۔

جولائی کے آخری دو ہفتوں میں کورونا وائرس نے امریکا میں 97 ہزار بچوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں یہ ٹیسٹ بچوں میں وائرس کی شرح جاننے کیلئے 16جولائی سے 30 جولائی کے درمیان کیے گئے۔ کیونکہ امریکی ریاستیں کورونا وباء کا زور ٹوٹنے کے بعد احتیاطی تدابیر کے ساتھ سکول اور تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاری کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن اس سے پہلے ہی کورونا نے ایک لاکھ کے قریب کے بچوں کو شکار بنا کر والدین کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور بچوں میں متاثر کرنے کی شرح نے امریکی حکومت کیلئے بھی بڑا چیلنج کھڑا کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا کی کچھ ریاستوں میں آئندہ ہفتے میں سکول کھولے جانے ہیں۔ لیکن حالیہ کورونا کی رپورٹ نے حکومت اور والدین کو چونکا دیا ہے۔

امریکا میں تقریباً 5 ملین افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں3 لاکھ 38 ہزار بچے رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ امریکا میں کورونا سے اموات کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ بچوں میں شرح اموات کو دیکھا جائے تو گزشتہ ماہ جولائی میں 25 بچے کورونا وائرس سے انتقال کرگئے تھے۔ امریکی اکیڈمی برائے اطفال نے اپنی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس بچوں کو تیزی سے متاثر کررہا ہے۔ اس صورتحال میں اگر سکول کھولے گئے تو بچوں سے ایک دوسرے میں وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

متعلقہ عنوان :