پہلی سے پانچویں کلاس تک کا نصاب تیار ہو چکا ہے اور وزارت تعلیم کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے، وزیر تعلیم

ملکی تاریخ میں پہلی بار نصاب سازی پر قومی مباحثہ کرایا جا رہا ہے جس میں ہر طبقہ ہائے فکر کے ماہرین اپنی آرا پیش کر رہے ہیں، شفقت محمود

جمعرات 13 اگست 2020 20:00

پہلی سے پانچویں کلاس تک کا نصاب تیار ہو چکا ہے اور وزارت تعلیم کی ویب ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کو واحد قومی نصاب کی ضرورت، افادیت، تیاری کے مراحل اور اسکے نفاذ کے طریقہ کار پر، قومی نصاب کونسل میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سینیر میڈیا پرسنز حامد میر، کاشف عباسی، ندیم ملک، عاصمہ شیرازی، مہر عباسی، رحمن اظہر، عارفہ نور اور عنبر شمسی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے شرکا کو بتایا کہ پہلی سے پانچویں کلاس تک کا نصاب تیار ہو چکا ہے اور وزارت تعلیم کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے یکساں قومی نصاب کی تشکیل میں صوبوں، وفاقی اکائیوں، پرائیویٹ سیکٹر، اتحاد تنظیم المدارس اور ملکی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے کردار اور تعاون سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار نصاب سازی پر قومی مباحثہ کرایا جا رہا ہے جس میں ہر طبقہ ہائے فکر کے ماہرین اپنی آرا پیش کر رہے ہیں۔اجلاس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سینئر میڈیا پرسنز کو قومی نصاب کونسل کا تفصیلی وزٹ کرایا اور تمام مضامین کی نصابی جائزہ کمیٹی کے ممبران سے نصاب سازی کے متعلق بات چیت کی۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ نئے نصاب کے مطابق اساتذہ کی تربیت کے لئے گائیڈ لائینز وفاقی وزارت تعلیم جاری کرے گی اور اس پر عمل درآمد صوبائی حکمومتیں کرائیں گی۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ قومی نصاب کونسل کی عمارت 1972 سے موجود تھی مگر گزشتہ حکومتوں نے اس طرف توجہ نہیں دی ، کئی سال تک یہ بند پڑی رہی اور تحریک انصاف کے حکومت نے اس کو موثر طریقے سے فعال کیا ہے۔