موٹروے زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد علی کی گرفتاری کے لیے رات گئے سرچ آپریشن جاری

مفرور مرکزی ملزم عابد علی کی بیوی کی مخبری پر پولیس نے دو کلومیٹر پر محیط کھیتوں کو گھیرے میں لے لیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 17 ستمبر 2020 03:16

موٹروے زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد علی کی گرفتاری کے لیے رات گئے سرچ ..
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر 2020ء) موٹروے زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد علی کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری۔ پولیس کے پاس زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی قصور روڈ راؤ خان والا کے علاقے میں موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، سیالکوٹ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے موٹروے زیادتی و ڈکیتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کا سراغ لگا لیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس کو مرکزی ملزم عابد علی کی قصور روڈ راؤ خان والا کے علاقے میں موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد سکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے پہلے مفرور ملزم عابد علی کی اہلیہ کو پولیس نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد ملزم کی بیوی کی نشاندہی پر مختلف جگہوں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملزم عابد علی کی زیر حراست اہلیہ کی نشاندہی پر پولیس نے قصور روڈ راؤ خان کے علاقے میں سرچ آپریشن جاری کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کھیتوں میں سرچ آپریشن شروع کیا ہے، پولیس نے 2 کلومیٹر پر پھیلے کھیتوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی، سی آئی اے سمیت قصور پولیس بھی اس رات گئے ہونے والے سرچ آپریشن کا حصہ ہے۔