عبدالہادی سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے بلامقابلہ صدر منتخب

منگل 29 ستمبر 2020 17:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سالانہ انتخابات برائے 2020-21 میں عبدالہادی بلامقابلہ صدر، ریاض الدین سینئر نائب صدر اور عبدالقادر بلوانی نائب صدر منتخب ہوگئے ہیں، ایسوسی ایشن میں منعقدہ 56 ویں سالانہ اجلاس میں نومنتخب عہدیداروں کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نومنتخب عہدیدار یکم اکتوبر 2020 سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ سراج قاسم تیلی، سرپرست زبیر موتی والا،طارق یوسف، مجید عزیز، محمد جاوید بلوانی، سلیم پاریکھ،ظفر احمد، عبدالرشید، سکندر عمران، اقبال عربی، اسد نثار، سلیمان چاؤلہ (سبکدوش صدر) اور سینئر ممبران نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

سائٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عبدالہادی نے اجلاس سے خطاب میں ترجیحی بنیادوں پر مختلف مرحلوں میں حل طلب مسائل کا فالواپ کرنے اور مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے حالیہ شدید بارشوں سے سائٹ ایریا کے انفرااسٹرکچر کو ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

عبدالہادی نے سائٹ سیلف سکیورٹی سسٹم کے بارے میں ممبران کو آگاہ کیا اور صنعتکاروں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے اس سسٹم کو بلاررکاوٹ چلانے کے لیے اس کے اخراجات میں تعاون کی درخواست بھی کی جو سائٹ کی تمام صنعتوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے سی آر پراجیکٹ سے متعلق امور اعلی سطح پر اٹھائے جارہے ہیں اور اس معاملے میں مثبت پیشرفت ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :