مسجد حرام آنے والے نمازیوں اور زائرین کے لیے بڑی خوش خبری

نئے پارکنگ اسٹینڈز میں زائرین کو مفت کار پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 1 اکتوبر 2020 09:08

مسجد حرام آنے والے نمازیوں اور زائرین کے لیے بڑی خوش خبری
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر2020ء) سعودی حکومت کی جانب سے 4 اکتوبر سے مملکت میں مقیم افراد کو عمرے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں روزانہ چھ ہزار افراد کو چھ گروپوں کی صورت میں عمرے کی اجازت ہو گی۔ اس حوالے سے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ زائرین کو پارکنگ کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ جنرل پریزیڈنسی الحرمین الشریفین کے ٹرانسپورٹ امور کے معاون اسامہ سمکری نے بتایا ہے کہ انتظامیہ نے مسجد حرام میں گاڑیوں کی نقل وحرکت کے پیش نظر مسجد کے بیرونی مقامات میں متعدد مقامات پر پارکنگ اسٹینڈ قائم کیے ہیں جہاں زائرین کو مفت کار پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

العربیہ نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسامہ سمکری نے بتایا کہ مسجد حرام کے جنوبی اور مغربی اطراف سے آنے والے زائرین اور معتمرین کے لیے 'کدی پارکنگ اسٹینڈ اور شاہ عبدالعزیز وقف کو پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے جب کہ مشرقی اور شمالی اطراف سے آنے والوں کے لیے الششہ خلف بن داؤد پارکنگ مختص کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مسجد حرام کے نمازیوں کو نئی احتیاطی تدابیر سے آگاہی کے لیے 'اعتمرنا' موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس سے مسجد حرام کے نمازی اور معتمرین استفادہ کر سکتے ہیں۔

اس ایپ کو استعمال کرکے زائرین اور معتمرین کی با آسانی مسجد حرام میں آمدورفت ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنرل آٹوموبائل سنڈیکیٹ نے مسافروں کی حفاظت اور صحت کے لیے پارکنگ، مسافرخانے اور بسوں کے لیے تمام احتیاطی تدابیر، سماجی فاصلے پر عمل پیرا ہونے کے اقدامات، ماسک پہننے اور تمام زائرین اور مسافروں کے لیے جراثیم کش اسپرے کو لازمی قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :