عراق،گھریلو ناچاقی پرشیر خوار بچوں کو دریا برد کرنے والی پتھر دل ماں گرفتار

خفیہ کیمروں کی ویڈیو فوٹیج دیکھ کر خاتون کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے،عراقی حکام

منگل 20 اکتوبر 2020 16:05

عراق،گھریلو ناچاقی پرشیر خوار بچوں کو دریا برد کرنے والی پتھر دل ماں ..
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) عراق میں ایک پتھر دل ماں کی جانب سے اپنے دو بچوں کو دریائے دجلہ کی بپھری لہروں کے حوالے کرنے کی ویڈیو سامنے آنے پر عوام میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 17 اکتوبر کو علی الصباح پیش آیا جب ایک سنگ دل ماں نے الآئمہ پل سے اپنے دو بچوں کو دجلہ کی لہروں کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

عراقی سیکیورٹی فورسز کی ایک اسپیشل ٹیم نے دریا میں ریسکیو آپریشن کے دوران تین سالہ حور محمد اور ایک سالہ معصومہ محمد کی لاشیں نکال لی ہیں۔عراقی حکام کے مطابق انہوں نے خفیہ کیمروں کی ویڈیو فوٹیج دیکھ کر خاتون کی شناخت کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔بچوں کی تلاش کے لیے جاری آپریشن کے دوران جائے حادثہ کی ایک اور ویڈیو میں دونوں بچوں کے والد کو دل گرفتہ حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔دوران تفتیش خاتون نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے خاوند سے جھگڑے کی وجہ سے یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔ خاتون نے طلاق لینے کے لئے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔

متعلقہ عنوان :