ایل این جی ریفرنس:شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان فوری فرد جرم عائد کرنے کی استدعا مسترد

غیر ملکی ملزمان سے متعلق فیصلہ کرنے سے قبل فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی ،جج کے ریمارکس

منگل 20 اکتوبر 2020 21:28

ایل این جی ریفرنس:شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان فوری فرد جرم عائد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2020ء) احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان پر ایل این جی ریفرنس میں فوری طور پر فرد جرم عائد کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کر دی ۔منگل کے روز احتساب عدالت کورٹ روم نمبر دو کے جج اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس کیس کی سماعت کی ۔نیب پراسیکیوٹر نے شاہد خاقان عباسی و دیگر پر فوری فرد جرم استدعا کی تاہم شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ نے نیب درخواست کی مخالفت کی۔

عدالت نے شاہد خاقان عباسی و دیگر پر فوری فرد جرم کی تاریخ مقرر کرنے کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پہلے غیر ملکی ملزمان سے متعلق فیصلہ کریں گے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عدالت غیر ملکی ملزمان کا کیس الگ کر کے شاہد خاقان پر فرد جرم عائد کرے۔

(جاری ہے)

نیب نے دو غیر ملکی گواہان کی طلبی کے نوٹس بھیجنے سے متعلق تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے فلپ ناٹمین اور شنا صادق کا کیس الگ کرنے کی درخواست بھی کی کیونکہ غیر ملکی گواہان کو نوٹس پہنچانے میں بہت وقت لگ جائے گا ۔

جج اعظم خان نے کہا کہ دفتر خارجہ کے ذریعے بھیجے گئے سمن کی تعمیلی رپورٹ آنے کا انتظار کر لیتے ہیں کہ غیر ملکی ملزمان کو دوبارہ سمن بھیجیں یا ورانٹ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی ۔