کورونا وائرس پھر سر اٹھانے لگا، 24 گھنٹوں میں 832 نئے کیسز سامنے آ گئے

ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد دس ہزار 668 ہو گئی ہے۔ جن میں سے ہسپتالوں میں زیر علاج 562 مریضوں کی حالت انتہائی تشویش ناک، این سی او سی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 25 اکتوبر 2020 12:17

کورونا وائرس پھر سر اٹھانے لگا، 24 گھنٹوں میں 832 نئے کیسز سامنے آ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 اکتوبر2020ء) کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر تیزی دکھانے لگا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 832 نئے کیسز بھی رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 832 نئے کورونا کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق 28724 سیمپل ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 832 پوزیٹو نکل آئے۔

اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد تین لاکھ 27 ہزار 895 ہو گئی ہے۔ جبکہ تین لاکھ 10 ہزار 491 لوگ اب تک صحتیاب ہو چکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد دس ہزار 668 ہو گئی ہے۔ جن میں سے ہسپتالوں میں زیر علاج 562 مریضوں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے ۔

(جاری ہے)

 جبکہ کورونا وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 736 ہوگئی ہے ۔

این سی او سی کے مطابق اب تک ملک بھر میں 42 لاکھ 64 ہزار 53 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔ واضح رہے کہ کچھ دن قبل این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا تھا جس میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر شروع ہو سکتی ہے جو کہ شدید تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کا کہا گیا تھا ۔ این سی او سی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’دنیا بھر میں بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہے کیونکہ ایسے پروگرام کرونا کے بڑے خطرے کا سبب ہیں، انتہائی ضروری اجتماعات ایس او پیز کے ساتھ منعقد کیے جائیں‘۔

این سی او سی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’عوامی اجتماعات سے کرونا سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کا امکان ہے، ایسے اجتماعات سے کرونا کے خلاف قومی کامیابی خطرے میں پڑ سکتی ہے، ایسے پروگراموں کا انعقاد کسی صورت نہیں ہونا چاہیے‘۔ واضح رہے کہ عوامی اجتماعات پر ایک بار پھر سے پابندیاں عائد کرنے سے متعلق اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’عوامی اجتماعات کيلئے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں، اجازت یا انعقاد سے متعلق حتمی فیصلہ این سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا‘۔

متعلقہ عنوان :