”مسلمان آزادیوں کے نہیں بلکہ نفرت کے خلاف ہیں، ہمارے نبی کا مقام بہت بلند ہے ، جو ان خاکوں سے کم نہیں کیا جا سکتا“

رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری محمد العیسیٰ نے کہا کہ چیتھڑے اخبار جن کی تعداد اشاعت نہ ہونے کے برابر ہے ،گستاخانہ خاکے چھاپ کر دُنیا میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 اکتوبر 2020 13:20

”مسلمان آزادیوں کے نہیں بلکہ نفرت کے خلاف ہیں، ہمارے نبی کا مقام بہت ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 اکتوبر2020ء) فرانس میں گستاخانہ خاکون کے بعد پے درپے ہونے والے واقعات پر عالمِ اسلام کے دل رنجیدہ ہیں اور کئی اسلامی ممالک نے فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ شروع کر دیا ہے۔یہ گستاخانہ خاکے ایک فرانسیسی اخبار ’چارلی ہیبڈو“ کی جانب سے شائع کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے مسلمانوں کی عالمی تنظیم ”رابطہ عالم اسلامی“ نے بھی شدید ردِعمل ظاہر کر دیا ہے۔

العربیہ نیوز سے بات کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری محمد العیسیٰ نے کہا ہے کہ مسلمان کسی بھی شخص کی دستوری آزادیوں کے خلاف نہیں بلکہ ان آزادیوں کو نفرت پھیلانے سے روکنا چاہتے ہیں۔انہوں نے حضرت محمد کے خاکے بنانے کے فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف جارحیت قرار دیا۔

(جاری ہے)

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی کا مقام انتہائی بلند ہے، جو ایسے خاکے بنا کر کم نہیں کیا جا سکتا۔

محمد العیسیٰ نے فرانسیسی اخبار ”چارلی ہیبڈو“ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منفی ردعمل کی وجہ سے چیتھڑے اخبار جن کی تعداد اشاعت نہ ہونے کے برابر ہے موہوم خاکے چھاپ کر دنیا میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔انھوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ”کسی بھی قسم کے منفی ردعمل سے احتراز کریں“ اور وہ ایسے اقدامات پر تکیہ کریں جو اسلامی عقیدے کی تعلیمات سے ہم آہنگ ہوں۔

“ العربیہ نیوز سے بات چیت میں انہوں نے مزید کہا ” انسانی حقوق کی یورپی عدالت فیصلہ دے چکی ہے کہ ہمارے نبی کی ذات سے متعلق گفتگو آزادی اظہار رائے کے زمرے میں نہیں آتی ہے۔ ”مختصراً، آزادی کا اصول نفرت کے فروغ کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔انھوں نے کہا کہ ”ہم قانونی آزادیوں کے خلاف نہیں، بلکہ اہم ان آزادیوں کو مادی فوائد کے لیے استعمال کرنے کے خلاف ہیں کیونکہ ایسا کرنے سے دستوری آزادیاں بے وقعت ہو جاتی ہیں۔ ہم ان کے نتیجے میں فروغ پانے والی نفرت اور نسلی امتیاز کے خلاف ہیں۔“