فرانس میں اسلامو فوبیا، مسلمانوں کو نکال باہر کرنے کی دھمکیاں

پیرس کی ایک مسجد کے نمازیوں اور مسجد کے امام کو نامعلوم افراد کی طرف سے دھمکی آمیز پیغام موصول

جمعرات 29 اکتوبر 2020 16:36

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) فرانس میں مسلمانوں کے خلاف نسل پرستی کے مظاہر اور اسلام سے نفرت کیحالیہ واقعات کے بعد نفرت کی آگ مزید پھیل رہی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیرس کی ایک مسجد کے نمازیوں اور مسجد کے امام کو نامعلوم افراد کی طرف سے دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا جس میں انہیں دھمکی دی ہے کہ مسلمانوں کے لیے فرانس میںکوئی جگہ نہیں۔

تم مسلمانوںکو فرانس سے نکال باہر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شمالی فرانس کے شہر فیرنون میں ڈاک کے ذریعے مسجد کی انتظامیہ اور کچھ نمازیوں کو نسل پرستانہ اور دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ۔ ان پیغامات میں مسلمانوں سے نفرت، عربوں سے حقارت اور ترکوں کے خلاف نا مناسب الفاظ استعمال کیے گئے ۔ایک پیغام میں کہا گیا کہ یورپ بالخصوص فرانس میں مسلمانوں کے خلاف جنگ اب شروع ہوئی ہے۔ ہم اپنے ایک استاد کے قتل کا حساب چکائیں گے۔ اس کے علاوہ مسلمانوں کے حوالے سے نفرت آمیز کئی دوسرے دھمکی آمیز پیغامات شامل کیے گئے ہیں۔