پنجاب میں لیبر ورکرز کو انصاف کارڈ بھی فراہم کریں گے لیبر انسپکٹرز کی آئندہ تعیناتیاں پرفارمنس کی بنیاد پر کی جائے گی، وزیراعلی پنجاب

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 1 دسمبر 2020 17:39

پنجاب میں لیبر ورکرز کو انصاف کارڈ بھی فراہم کریں گے لیبر انسپکٹرز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 دسمبر2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کا بھی مفت علاج ہوگا۔

ایمرجنسی وارڈز میں صنعتی ورکرز کے ساتھ عام مریضوں کی بھی پوری دیکھ بھال کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آؤٹ ڈور اور ان ڈور میں بھی عام مریضوں کے علاج معالجے کی تجویز پر قابل عمل سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں لیبر ورکرز کو انصاف صحت کارڈ بھی فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیکٹریوں کی انسپکشن ختم کرنے کی بھی اصولی منظوری دے دی اور انسپکٹر لیس رجیم اور سیلف اسیسمنٹ سکیم متعارف کرانے کیلئے قابل عمل تجاویز طلب کر لی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں محکمہ لیبر سے حتمی پلان طلب کر لیا ہے۔ دی کمپنیز پرافٹس (ورکرز پارٹیسپیشن) ترمیمی بل کے حوالے سے آرڈیننس کے اجراء کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیبرانسپکٹرز کی آئندہ تعیناتیاں پرفارمنس کی بنیاد پر ہوں گی۔ آجر اور اجیر کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ سے کاروبار کو فروغ ملے گا۔ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ، سیکرٹری لیبر ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔