متحدہ عرب امارات نے اپنے قومی دن کو یادگار بنا دیا

اماراتی حکومت کی جانب سے یوم وطنی پر ’فالکن آئی‘ نامی ریسرچ سیٹلائٹ خلا میں روانہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 دسمبر 2020 11:35

متحدہ عرب امارات نے اپنے قومی دن کو یادگار بنا دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 دسمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں یوم وطنی کی تقریبات ملی جو ش و جذبے سے منائی جا رہی ہیں۔ اس موقع پرمختلف تقریبات اور میوزک کانسرٹس کا اہتمام بھی کیاجا رہا ہے۔ اس بار اماراتی حکومت نے 49 ویں نیشنل ڈے کو یادگار بنانے کے لیے اپنا ایک اور سیٹلائٹ خلا میں چھوڑ دیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق تحقیقی مقاصد کے لیے خلائی سیارہ عقابی نگاہ (فالکن آئی) جنوبی امریکا میں واقع فرانسیسی خلائی مرکز سے بدھ کی صبح اماراتی وقت کے مطابق پانچ بج کر 33 منٹ (1:33 جی ایم ٹی) پر چھوڑا گیا ہے۔

یہ سیٹلائٹ بھی یو اے ای کی مسلح افواج کے پانچ سالہ خلائی منصوبہ کا حصہ ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں اس تحقیقی منصوبے پر غیرملکی ماہرین کی معاونت سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

عقابی نگاہ سیٹلائٹ تصویرکشی کی ہائی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔اس کو نقشوں ، زرعی نگرانی ، شہری منصوبہ بندی ، ماحول کی مانیٹرنگ ، قدرتی آفات سے متعلق منصوبہ بندی اور ملک کی سرحدوں اور ساحلی علاقوں کی دفاعی نقطہ نظر سے نگرانی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یو اے ای کی خلائی ایجنسی 2014ء میں قائم کی گئی تھی۔اس نے حالیہ برسوں کے دوران میں خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ان میں اس کا سب سے نمایاں منصوبہ جولائی 2020ئمیں ”ہوپ پروب“ (امیدِ تحقیق) کے نام سے مریخ پر بھیجا گیا خلائی مشن تھا۔یہ عرب دنیا کا اس سیارے پر بھیجا گیا پہلا خلائی مشن تھا۔یو اے ای نے ستمبر میں 2024ء میں چاند پر اپنا پہلا خلائی مشن بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔اس کو شیخ راشد بن سعید آل مکتوم سے منسوب کیا گیا ہے اور”رشید روور“نام دیا گیا ہے۔یہ چاند کے ان حصوں کی دریافت کرے گاجہاں پہلے خلائی مشن نہیں بھیجے گئے ہیں۔