نکاح کی تقریب میں دلہن کے پہلے شوہر کی انٹری ، بھائیوں نے گولیاں برسا دیں

فائرنگ سے لڑکی کا مدعی شوہر زخمی ہو گیا ، پولیس تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہ کر سکی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 دسمبر 2020 11:05

نکاح کی تقریب میں دلہن کے پہلے شوہر کی انٹری ، بھائیوں نے گولیاں برسا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2020ء) : لاہور میں نکاح کی تقریب میں دلہن کے پہلے شوہر کی انٹری پر بھائیوں نے گولیاں برسا دیں جس سے مدعی شوہر زخمی ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی نشتر کالونی میں ایک نکاح کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران دلہن کا مدعی شوہر فہیم اپنے ساتھی اور ماں سمیت پہنچ گیا لیکن اسے دیکھتے ہی دلہن کے چاروں بھائی مشتعل ہوگئے۔

دلہن کے بھائیوں نے اسلحہ نکالا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ واقعہ کی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی جس میں دیکھا گیا کہ دلہن کے چاروں بھائیوں نے سرعام فائرنگ کی جس کے بعد حملہ آور زخمی فہیم پر تشدد بھی کرتے نظر آئے، جب کہ فہیم کی ماں دہائی دیتی رہی مگر کسی نے ایک نہ سنی۔ تقریب میں شریک اہل علاقہ نے فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال پہنچایا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے متاثرہ نوجوان فہیم نے اپنے بیان میں کہا کہ ثنا نے 7 ماہ پہلے اس سے نکاح کیا تھا اور چند روز قبل میکے آ ئی، اب اس کا نکاح پر نکاح کیا جارہاتھا، اس کا ایک بھائی پولیس ملازم ہے۔ دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ، درخواست ملنے پر ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی شادی کی ایک تقریب میں دلہن کے بھائی نے اپنی ہی بہنوں پر فائرنگ کر دی تھی۔

مہندی کی تقریب میں ناراض بھائی نے اپنی ہی بہنوں پر فائرنگ کی۔ بھائی کی جانب سے بہنوں پر فائرنگ رسم کے دوران کی گئی ۔ جس کے نتیجے میں دلہن جاں بحق ہو گئی جبکہ ایک بہن شدید زخمی ہوئی ۔ زخمی ہونے والی لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ورثا کے مطابق مقتولہ ساجدہ کا اپنے قریبی رشتہ دار سے نکاح تھا لیکن دلہن کا بھائی ملزم محمد علی جائیداد ہتھیانے کے لیے ان کی شادی پر رضامند نہیں تھا اسی لیے اُس نے شادی کی تقریب میں اپنی ہی بہنوں پر گولیاں برسا دیں۔