وزیراعظم کی آج رات کوئٹہ آمد کا امکان

امکان ہے وزیراعظم آج رات بلوچستان کے دارالحکومت پہنچ جائیں، ہزارہ برادری کیساتھ بات چیت جاری ہے، امکان ہے کہ متاثرین اپنے پیاروں کی تدفین کیلئے کل صبح تک راضی ہو جائیں گے: وفاقی وزیر علی زیدی

muhammad ali محمد علی بدھ 6 جنوری 2021 23:31

وزیراعظم کی آج رات کوئٹہ آمد کا امکان
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جنوری2021ء) وفاقی وزیر علی زیدی کے مطابق امکان ہے وزیراعظم آج رات کوئٹہ پہنچ جائیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ ضرور آئیں گے۔ ممکن ہے عمران خان آج رات کو ہی کوئٹہ پہنچ جائیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری کیساتھ بات چیت جاری ہے، امکان ہے کہ متاثرین اپنے پیاروں کی تدفین کیلئے کل صبح تک راضی ہو جائیں گے۔

 اس سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کے دکھ کا احساس ہے، آپ کا درد جانتاہوں اور آپ کےمطالبات کا بھی احساس ہے ، پہلے بھی چل کرآپ کے پاس آیا تھا اور دکھ میں ساتھ کھڑاتھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت جلد کوئٹہ آکرشہداکےلواحقین سےتعزیت اور فاتحہ خوانی کروں گا ، کبھی اپنےعوام کا بھروسہ نہیں توڑوں گا ، اپیل ہے اپنے پیاروں کو دفن کریں تاکہ ان کی روح کو سکون ملے۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارا ہمسایہ فرقہ ورانہ دہشتگردی کو ہواد ے رہا ہے۔
اس سے پہلے وزریراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ہزارہ کمیونٹی سے میتوں کی تدفین کی اپیل کر دی ، انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری دینی فرض کو وزیراعظم کے آنے سے مشروط نہ کریں ، بطور وزیراعلیٰ ہزارہ برادری سے اپیل ہے وہ جاں بحق افراد کی تدفین کریں ، بطور وزیراعلیٰ ہزارہ برادری سے اپیل ہے معاملات کو بیٹھ کر حل کریں ، وزیراعظم اور صدر مملکت بھی آئیں گے،وفاقی وزرا بھی یہاں بیٹھےہیں۔