گوجرانوالہ میں ڈاکو موٹر سائیکل سوار سے 6 برگر لوٹ کر فرار

ڈاکوؤں نے ڈیلیوری بوائے کو روکا اور اُس سے برگر سمیت موبائل چھین لیا،پولیس نے واردات کی فوٹیج حاصل کرلی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 14 جنوری 2021 23:38

گوجرانوالہ میں ڈاکو موٹر سائیکل سوار سے 6 برگر لوٹ کر فرار
گوجرانوالہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جنوری 2021ء) گوجرانوالہ میں انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں 6 مسلح ڈاکوؤں نے ڈلیوری بوائے کو روک کر اس سے 6 برگر اور موبائل لوٹ لیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے گکھڑمنڈی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی جہاں موٹر سائیکل پر سوار 6 مسلح افراد نے ڈیلیوری بوائے کو روکا اور اُس سے برگر سمیت موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ مسلح افراد نے اسے روک کر موبائل اور آرڈر کے برگر مانگے، جس پر اس نے انکار کیا تو وہ اسلحے کے زور پر زبردستی اس سے موبائل اور برگر چھین کر فرار ہوگئے ۔مقامی پولیس نے متاثرہ نوجوان کی درخواست پر واقعے کی رپورٹ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے جاری فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 6 مسلح ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جن میں سے ہر ایک موٹرسائیکل پر تین لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد کسی بڑی واردات کے لیے گھوم رہے تھے جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تو وہ رائیڈر سے برگر اور موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو شناخت کر کے گرفتار کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :