لاہور کے پوش علاقے میں پولیس کاچھاپہ، 4 سال سے قید لڑکی بازیاب کروالی

ڈاکٹر فراز نے جائیداد کے تنازعے پر 4 سال تک اپنی ہی بہن کو گھر میں قید کیے رکھا، پولیس

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 15 جنوری 2021 00:16

لاہور کے پوش علاقے میں پولیس کاچھاپہ، 4 سال سے قید لڑکی بازیاب کروالی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14جنوری 2021ء) لاہور میں جائیداد میں حصہ نہ دینے کی خاطر بھائی نے 4 سال تک اپنی ہی بہن کو گھر میں قید رکھا، اہل علاقہ کی شکایت پر پولیس نے لڑکی کو بازیاب کروا لیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں پولیس نے گھر میں 4 سال سے قید لڑکی کو بازیاب کروالیا ہے۔ ہمسائے کی شکایت پر پولیس نے ڈاکٹر فراز نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں پولیس نے 4 سال سے قید لڑکی کو بازیاب کروالیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ہمسائے نے پولیس کو اطلاع دی گھر میں ایک لڑکی قید ہے جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔لڑکی کی بازیابی کے بعد پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گھر سے بازیاب کروائی گئی لڑکی بی ایس آنر کی طالبہ ہے جسے جائیداد کے لیے بھائی نے قید کررکھا تھا، متاثرہ لڑکی نے ہمسائے سے مدد مانگی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔

متاثرہ لڑکی شبنم فاروق نے بھائی ڈاکٹر فراز پر الزم لگاتے ہوئے کہا کہ بھائی نے جعلی سرٹیفکیٹ بنوا کر مجھے پاگل قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر زنے مجھے صحت یاب قرار دے کر گھر بھیج دیا تھا لیکن بھائی نے اسے جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعے پاگل قرار دے کر گھر میں قید کیےرکھا۔لڑکی نے دعویٰ کیا کہ بھائی ڈاکٹر فراز اور بھابھی مجھ پر تشدد کرتے تھے اور ایسی ادویات دیتے تھے جن سے میری ذہنی حالت خراب کی جاتی تھی۔

بھائی نے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے گھر کو ہتھیانے کے لیے مجھے قید کررکھا تھا۔ اس حوالے سے اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی پر تشدد کی آوازیں اکثر سنائی دیتی تھیں ، لڑکی کی جانب سے مدد کے لیے فون کرنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے تھانہ کاہنہ میں متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم ڈاکٹر فراز کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔