کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے باوجود آسٹریلین اوپن کے انعقاد پر آسٹریلین عوام برہم

حکام 1200 انٹرنیشنل کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف کیلئے کیسے جگہ نکالیں گے جبکہ انکے اپنے شہریوں کیلئے کوئی جگہ نہیں: آسٹریلیوی عوام کا سوال

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 جنوری 2021 14:09

کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے باوجود آسٹریلین اوپن کے انعقاد پر ..
میلبورن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جنوری 2021ء ) سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کیلئے ٹینس سٹار آسٹریلیا پہنچنا شروع ہو گئے ہیں لیکن آسٹریلین عوام نے کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے دوران ٹینس ایونٹ کے انعقاد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے آسٹریلیا میں متعدد غیرملکی افراد پھنسے ہوئے ہیں اور اس ہنگامی صورتحال میں کھیلوں کے عالمی ایونٹ کے انعقاد پر آسٹریلین عوام شدید احتجاج کررہے ہیں اور حکام سے نالاں نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

سخت کورونا پروٹوکولز کے باعث آسٹریلیا سے واپس جانے والے افراد کی تعداد آدھی رہ گئی ہے اور آسٹریلین ہوٹلوں میں قرنطینہ میں رہنے والے افراد کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے ایمریٹس ایئرلائن نے سڈنی، میلبورن اور برسبین کے لئے پروازیں غیرمعینہ مدت تک منسوخ کردی ہیں ۔ آسٹریلین عوام نے گرینڈ سلیم اوپن کے انعقاد کے فیصلے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکام 1200 انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے لئے کیسے جگہ نکالیں گے جب کہ ان کے اپنے شہریوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔