سندھ حکومت نےخود کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا

سندھ میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی خریداری کے لیے ڈیڑھ ارب روپے سے فنڈ قائم کردیا گیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 19 جنوری 2021 21:00

سندھ حکومت نےخود کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2021ء) سندھ حکومت نے خود کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاق سے ملنے والی ویکسین کا انتظار کرنے کے بجائے سندھ حکومت نے خود کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ حکومت سندھ نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی خریداری کے لیے ڈیڑھ ارب روپے سے فنڈ قائم کردیا۔ کورونا کی دو ویکسین کی خریداری کے لیے نجی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے، وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے کورونا ویکسین حاصل کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے، سندھ میں 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کیلئے آن لائن پورٹل قائم کر رہے ہیں۔

ویکسین پہلے ہیلتھ کیئر ورکرز کو دی جائے گی۔ ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری سے متعلق سمری تیار ہے جو وزیراعلیٰ ٰ سے منظوری کے لیے جلد بھیج دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق وفاق سے اجازت ملنے کے بعد خریداری کے اقدامات کیے جائیں گے، ویکسین مرحلہ وار منگوائی جائے گی اور پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ورکرز اور ساٹھ سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے کورونا ویکسین حاصل کرنے کے لیے برطانوی ویکسین مینوفیکچرر ایسٹرا زینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم سے رابطہ کیاہے۔ پہلے مرحلے میں سندھ کے ایک لاکھ 25 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔