وائٹ ہائوس میں آخری دن، ایوانکا ٹرمپ جذباتی ہوگئیں

صدر کے مشیر کی حیثیت سے اپنی قوم کی خدمت کرنا زندگی بھر کیلئے ایک اعزاز ہے،خطاب

بدھ 20 جنوری 2021 14:49

وائٹ ہائوس میں آخری دن، ایوانکا ٹرمپ جذباتی ہوگئیں
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ وائٹ ہاس میں آخری دن جذباتی ہوگئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایوانکا ٹرمپ نے بطور والد کی مشیر کی حیثیت سے اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے پچھلے چار سال کا سفر ایک ناقابل یقین سفر تھا۔ایوانکا نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ صدر کے مشیر کی حیثیت سے اپنی قوم کی خدمت کرنا زندگی بھر کیلئے ایک اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سبکدوش ہونے والی انتظامیہ نے جو کچھ کیا ہے اس پر انہیں فخر ہے اور وہ مستقبل کے بارے میں پرجوش ہیں۔ایوانکا نے لکھا کہ میں امریکی خاندانوں کی خدمت کی غرض سے واشنگٹن آئی تھی اور مجھے یہ احساس ہو رہا ہے کہ میں نے یہ کر لیا ہے۔ایوانکا کے مطابق اختلافات کو تسلیم کرکے اور مشترکہ گرانڈ تلاش کرکے امریکا مثبت انداز میں آگے بڑھ سکتا ہے اور اسی طرح امریکی ایک قوم بن سکتی ہے۔اپنی پوسٹ کے آخر میں ایوانکا نے جوبائیڈن ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ جوبائیڈن کی قیادت میں امریکا ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔