برتن ٹوٹنے پر مالکان کا 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد

سابق ناظم عثمان گرفتار، اہلیہ گھر سے فرار ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 25 جنوری 2021 11:04

برتن ٹوٹنے پر مالکان کا 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جنوری 2021ء) : فیصل آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد کا ایک اور واقعہ رپورٹ ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے پیپلز کالونی نمبر دو میں مالکن نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ یاسمین پر تشدد کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ خوفزدہ بچی گھر سے فرار ہوکر جھنگ روڈ پر پینسرہ پہنچ گئی تھی، ہائی وے پولیس اہلکاروں نے بچی کو لاوارث دیکھ کر تحویل میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ہائی وے پولیس نے متاثرہ کمسن گھریلو ملازمہ کو تھانہ بٹالہ کالونی پہنچا دیا گیا تھا گھریلو ملازمہ کو سابق ناظم کے گھر برتن ٹوٹنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بچی کی شناخت یاسمین کے نام سے ہوئی، بچی کا طبی معائنہ کروالیا گیا ہے۔ متاثرہ بچی کے چہرے، سر اور ٹانگوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ڈنڈے مارے جانے سے بچی کے ہاتھوں پر سوجن موجود ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے مالکان کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر کے سابق ناظم عثمان منج کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کی اہلیہ گھر سے فرار ہوگئی۔ملزمہ عاصمہ سابق یونین کونسل ناظم عثمان کی اہلیہ ہے۔ مقدمہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفیسر روبینہ اقبال کی مدعیت میں تھانہ بٹالہ کالونی میں سابق ناظم اور اس کی اہلیہ کے خلاف درج کیا گیا۔ دوسری جانب چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق متاثرہ گھریلو ملازمہ یاسمین کو تحویل میں لیا جائے گا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملازمہ پر تشدد کرنے والی مالکن عاصمہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بچی کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق بچی کے اہل خانہ سے متعلق تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، اہل خانہ کی اطلاع ملنے تک بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں ہی رکھا جائے گا۔