مسجد حرام کے صحنوں میں شجر کاری کی تجویز زیر غور ہے، شیخ عبدالرحمن السدیس

مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنا، درجہ حرارت اور آلودگی کے تناسب کو نیچے لاناہے ،ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس

منگل 26 جنوری 2021 16:01

مسجد حرام کے صحنوں میں شجر کاری کی تجویز زیر غور ہے، شیخ عبدالرحمن السدیس
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) الحرمین الشریفین کے امور کے نگرانِ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے تصدیق کی ہے کہ مسجد حرام کے صحنوں میں شجر کاری کی تجویز زیر غور ہے۔ یہ تجویز سعودی ویژن 2030 پروگرام کے مطابق ہے۔ پروگرام میں قومی حکومت عملی برائے ماحولیات اور از سر نو نباتیاتی ڈھانپ کی حکمت عملی کے علاوہ دیگر تدابیر شامل ہیں۔

ان کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنا، درجہ حرارت اور آلودگی کے تناسب کو نیچے لانا، فضا کے معیار کو بہتر بنانا اور حرم مکی کے صحنوں کو ماحول دوست بنانا ہے۔ شجر کاری کے عمل سے صحنوں کو زینت اور چھائوں ملے گی۔ڈاکٹر السدیس نے مزید کہا کہ حرم مکی کے صحنوں میں شجر کاری کی تجویز کا مقصد زندگی کے معیار کی بہتری ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وضو کے پانی کو ریسائیکل کر کے اسے چھڑکا ئوکے عمل میں استعمال کیا جائے گا جس سے قدرتی وسائل کو تحفظ ملے گا۔

الحرمین الشریفین کے امور کے نگرانِ اعلی نے زور دیا کہ مذکورہ تجویز سائنسی، تکنیکی اور انتظامی تحقیقی مطالعوں کا تقاضا کرتی ہے۔ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ شجر کاری کے منصوبے کے سبب نماز کے لیے مخصوص جگہیں یا مجمع کی حرکت متاثر نہ ہو۔ڈاکٹر السدیس کے مطابق تجویز میں اس بات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے کہ مسجد حرام کے صحنوں میں برقی زینوں سے اوپر کے کھلے علاقے سے استفادہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں انجینئرنگ کی روشنی میں حل تلاش کیا جائے گا تا کہ اس پورے عمل کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :