لاہور ہائیکورٹ نے کھوکھر پیلس گرانے کیخلاف درخواست نمٹا دی

منگل 26 جنوری 2021 19:23

لاہور ۔26جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26جنوری2021ء) :لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے نجی رہائش گاہ کھوکھر پیلس گرانے کیخلاف درخواست نمٹا دی۔چیف جسٹس نے فریقین کو متعلقہ سول کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اس عرصے کے دوران نہ تو انتظامیہ کارروائی کرے نہ ہی دوبارہ تعمیر ہوگی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے کھوکھر پیلس گرانے کے بارے میں درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت کھوکھر بردارن کے وکیل احسن بھون نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے اپنے گھر سے ملحقہ زمین لوگوں سے خریدی، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تگڑے بندے کو زمین بیچنے سے کون انکار کرسکتا ہے؟ اللہ کسی کو تگڑے کا ہمسایہ بھی نہ بنائے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کے استفسارپر سرکاری وکیل نے بتایا کہ کھوکھر پیلیس سے متعلق 23 جنوری کو ڈی سی لاہور نے حکم جاری کیاجس پر احسن بھون ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہاں حکم نامے جیب سے نکلتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جب آپ بھی حکومت میں آئیں گے تو آپ کی طرف سے بھی آرڈر جیب سے ہی نکلیں گے۔چیف جسٹس قاسم خان نے باور کرایا کہ قانون دکھا دیں کہ اس میں کوئی نوٹس جاری کرنے کا حکم ہے یا نہیں۔ عدالت نے فریقین کو متعلقہ سول عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔