کاشتکارکماد کی کٹائی مارچ کے دوسرے ہفتے تک مکمل کرلیں :ترجمان محکمہ زراعت

بدھ 17 فروری 2021 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2021ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکارکماد کی مونڈھی فصل رکھنے کیلئے کماد کی کٹائی فروری کے آخری ہفتہ سے مارچ کے دوسرے ہفتے تک مکمل کرلیں کیونکہ اس وقت رکھی مونڈھی فصل سے شگوفے خوب پھوٹتے اور پودے اچھا جھاڑ بناتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں کماد کے زیر کاشتہ رقبہ میں سے 40سے 45فیصد رقبہ پر مونڈھی فصل رکھی جاتی ہے جبکہ گنے کی فصل کا منافع بخش پہلو اس کی مونڈھی فصل کی بہتر پیداواری صلاحیت پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہاکہ دسمبر اور جنوری کے آغاز میں رکھی گئی فصل میں سردی کی شدت سے مڈھوں میں پوشیدہ آنکھیں مر جاتی ہیں نیز مونڈھی فصل کے کھیت کے چنا کیلئے لیرا فصل کا بیماریوں سے محفوظ ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار گری ہوئی فصل سے آئندہ فصل کیلئے مونڈھی فصل نہ رکھیں اور فصل کاٹتے وقت گنا سطح زمین سے آدھا تا ایک انچ گہرا کاٹیں کیونکہ اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹتی ہیں اور مڈھوں میں موجود گڑوں کی سنڈیاں تلف ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار مونڈھی فصل کی اچھی پیداوار کیلئے ناغوں کو بروقت پر کریں اور ناغے پر کرنے کیلئے علیحدہ نرسری لگائیں۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ مونڈھی فصل کی کھاد کی ضروریات لیرا فصل کی نسبت زیادہ ہوتی ہیں لہٰذا مونڈھی فصل میں سفارش کردہ مقدار سے 30فیصد زائد کھاد ڈالی جائے۔

متعلقہ عنوان :