کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کیخلاف سخت کارروائی کااعلان

جو ہیلتھ ورکرز ویکسین مرحلے کا حصہ نہیں ہوں گے ان کو نوکریوں سے فارغ کردیا جائے گا، وزیرصحت سندھ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 24 فروری 2021 22:22

کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کیخلاف سخت  کارروائی کااعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 24 فروری2021ء) سندھ حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کیخلاف سخت کارروائی کااعلان کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ عملے کیخلاف کارروائی کی ہدایات کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کی نوکری جائے گی۔

وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے ضلعی ہیلتھ افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کو بڑھانے کے احکامات جاری کردیئےہیں ۔ افسران کو بتایا گیا ہے کہ سندھ میں کورونا ویکسین کا مرحلہ تمام اضلاع میں شروع کردیا گیا ہے۔ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ عملے کیخلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے عذرا پیچوہو نے کہا کہ جو ہیلتھ ورکرز ویکسین مرحلے کا حصہ نہیں ہوں گے ان کو نوکریوں سے فارغ کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عذرا فضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ نیشنل ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ ڈیٹا شیئر کرتے وقت مکمل نگرانی کی جائے، ایسٹرازینیکا ویکسین 60 سال کی عمر سے زائد افراد کو لگائی جائے گی، اس ضمن میں ان افراد کا شناختی کارڈ نمبر رجسٹر کروایا جائے۔ صوبائی وزیر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کہ کہ ویکسین مرحلے کے دوران کسی فرد کو کوئی ردعمل یا شکایات ہونے کی صورت میں طبی امداد دینے کے انتظامات مکمل کئے جائیں۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں سرکاری اور نجی سطح پر ایک لاکھ 98 ہزار 484 ہیلتھ عملے کو رجسٹر کیا جاچکا ہے، جس میں ایک لاکھ 11 ہزار 547 افراد سرکاری جبکہ 86 ہزار 937 نجی سطح پر کام کرنیوالے ہیلتھ ورکرز کو ویکسین کی مفت سہولت دی جائے گی۔                                                     

متعلقہ عنوان :