ایل ڈی اے صوبے کے دیگر شہروں کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے لئے رول ماڈل ہے‘میاں محمود الرشید

آنے والے وقت میں ایل ڈی اے عوامی خدمت کا ایک بہتر اور قابل ذکر ادارہ ثابت ہوگا‘ ایس ایم عمران

جمعرات 11 مارچ 2021 23:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2021ء) ایل ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کا اجلاس گزشتہ روز جوہر ٹائون میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید ،وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران،ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا،وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود،،ممبر گورننگ باڈی انجینئر عامر ریاض قریشی،ایڈیشنل ڈائریکٹرز جنرل فارقلیط میر،رانا ٹکا خان،ایل ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر سید حبان سبحانی اور جنرل سیکرٹری جہانگیر اقبال میو سمیت ایل ڈی اے کے 300کے قریب افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ ایل ڈی اے صوبے کے دیگر شہروں کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے لئے رول ماڈل ہے۔ اسے شہریوں کی خدمت کا فعال ادارہ بنانے کے لئے افسران اور ملازمین کے حالات کار بہتر کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ادارے میں کام کرنے والے اعلی تعلیم یافتہ افسران کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے ٹریننگ کا انتظام کیا جائے گا اور ایل ڈی اے کی ملازمت کو سروس گروپوں کی طرح باوقار بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے ملازمین کے لئے جلد از جلد مسجد،کینٹین اور کامن روم کی تعمیر شروع کی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ ملازمین کے سروس سٹرکچر کی بہتری اور ہائوسنگ سکیم کے لئے جو بھی طریقہ کار بنایا جائے گا ہم مکمل تعاون کریں گے ۔اس موقع پر ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ آج ایل ڈی اے افسران کی ایک بیٹھک ہوئی ہے جس سے مختلف مسائل سے آگاہی حاصل ہوئی ہے۔

انہوںنے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں ایل ڈی اے عوامی خدمت کا ایک بہتر اور قابل ذکر ادارہ ثابت ہوگا۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ایل ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر سید حبان سبحانی نے کہا کہ ملازمین کے کنٹریکٹ پیریڈ کو بھی سروس دورانیے میں شامل کیاجائے ،جی پی فنڈ اور سروس سٹرکچر کی بہتری کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ایل ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری جہانگیر اقبال میو نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کو افسران کے مختلف مسائل سے آگاہ کرنا ہے۔