طالبات بھرپور توجہ تعلیم، کردار سازی اور بہتر مستقبل پر مرکوز رکھیں تاکہ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں،زرتاج گل

بدھ 24 مارچ 2021 21:45

طالبات بھرپور توجہ تعلیم، کردار سازی اور بہتر مستقبل پر مرکوز رکھیں ..
بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2021ء) وفاقی وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے معاشرے میں خواتین کے اعلیٰ مقام اورتعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع اور اُن کو قومی دھارے میں مرکزی مقام دلانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ وزیر مملکت نے ان خیالات کا اظہار مرکزی آڈیٹوریم بغداد الجدید کیمپس میں سکاٹش سکالرشپس کی تقریب تقسیم وظائف کے موقع پراپنے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں 71طالبات کو برٹش کونسل کی جانب سے سکاٹش سکالرشپس دئیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین اپنے ٹیلنٹ کے لحاظ سے دنیا میں کسی سے بھی پیچھے نہیں ہیں اور ہر شعبے میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنی بھرپور توجہ تعلیم، کردار سازی اور بہتر مستقبل پر مرکوز رکھیں تاکہ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل کی جانب سے پاکستان کی 220طالبات کو سکالرشپس کی فراہمی انتہائی خوش آئند امر ہے اور جنوبی پنجاب کی طالبات کے لیے ان سکالرشپس کی فراہمی اُن کے لیے باعث مسرت ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہمارے لیے نبی کریم ﷺ کی روشن مثال سامنے ہے کہ آپ ﷺ حضرت فاطمہ ؓ کی تعظیم میں خود کھڑے ہو جاتے تھے۔ خواتین کا اسلامی معاشرے میں اور دنیا میں اسی لحاظ سے بہت بلند مقام ہے اور ہمیں اسی بلند مقام کو ترقی کا زینہ بناتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔

انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سرسبز اور شاداب کیمپس کی تعریف کی اور اس پر وائس چانسلر کو مبارکباد ی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ہزاروں طالب علم مبارکباد کے مستحق ہیں کہ اس قدر بہترین اور سازگار تعلیمی ماحول میں اپنی تدریسی اور تحقیقی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے جامعہ میں جاری تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو سراہا اور خاص طور پر طالبات کی اس تمام عمل میں عملی شراکت داری کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور گرین کیمپس بڑا اور خوبصورت ہے۔ 500سے زائدپی ایچ ڈی گریجویٹس، 123شعبہ جات، کاٹن ریسرچ، سکالرشپس کی فراہمی خوش آئند ہے۔ انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح کا بھی خاص ذکر کیا جن کی بدولت قائدا عظم نے پاکستان کی منزل حاصل کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے گزشتہ ڈیڑھ برس میں ہر شعبے میں نمایاں ترقی اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

فیکلٹی کی تعداد 500 سے بڑھ کر1000ہو گئی ہے۔ اِسی طرح طلباء وطالبات کی تعداد اس یونیورسٹی کے پوٹینشل کے مطابق 13000سے بڑھ کر42000ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تین سالہ ترقیاتی منصوبے کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں چار بڑے اکیڈمک بلاکس اور چار ہاسٹلز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ طلباء وطالبات کو تدریس اور تحقیق کے لیے معیاری سہولتیں میسر ہو سکیں۔

برٹش کونسل کے سربراہ عامر رمضان نے اپنے ورچول خطاب میں کہا کہ اُن کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو 71سکالرشپ کی فراہمی ہم سب کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے 13ہزار درخواستیں موصول ہوئیں اور 220درخواستیں منظور ہوئیں جن میں سے 71اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو دی گئیں ہیں۔ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس غلام حسن عباسی نے اس موقع پر بتایا کہ وائس چانسلر کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کی بدولت اب جامعہ اسلامیہ کے 25فیصد طلباء وطالبات وظائف کی مختلف سکیموں سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان احساس سکالرشپ پروگرام، حکومت پنجاب کے وظائف، ہائر ایجوکیشن کے وظائف اور دیگر اِداروں کے وظائف کے بعد اب ہماری طالبات کے لیے برٹش کونسل کے وظائف انتہائی خوش آئند ہے جو یہاں کی مستحق طالبات کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں ممد ومعاون ثابت ہوں گے۔ تقریب میں سینئر اساتذہ کرام، افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں، ملک حبیب اللہ بھٹہ، سید تابش الوری ، سمیرا ملک اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس سے قبل وزیر مملکت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور تشریف لائیں تو وائس چانسلرانجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبو ب نے اُن کا اپنے دفتر میں استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ایک لاکھ درخت لگانے کی وزیر اعظم پاکستان کی شجر کاری مہم کے تحت کاافتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر وائس چانسلر کے دفتر کے باہر سبزہ زار میں پودا لگایا۔

وزیر مملکت نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے دورے کے دوران کالج آف ارٹ ائنڈ ڈیزائن کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر کالج پرنسپل ماریہ انصاری نے کالج میں جاری تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ وزیر مملکت محترمہ زرتاج گل نے اس موقع پر کالج آف آرٹ اینڈ ڈائزین میں فن پاروں کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب میں کووڈ 19کے ایس او پیز کے مطابق ہال میں آدھی نشستیں خالی رکھی گئیں اور دیگر ایس اوپیز پر بھی عملدرآمد کیا گیا