سعودی عرب میں کورونا وبا کے خاتمے کی بہت بڑی اُمید پیدا ہو گئی

سعودی حکومت نے ایک کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 مئی 2021 07:16

سعودی عرب میں کورونا وبا کے خاتمے کی بہت بڑی اُمید پیدا ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 مئی2021ء) سعودی حکومت کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات کر رہی ہے۔ جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں۔ مملکت میں اس وقت کورونا کے یومیہ کیسز کی گنتی 1 ہزار کے ہندسے کے آس پاس ہے ۔ سعودی حکومت نے کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے ایک بڑا سنگِ میل عبور کر لیا ہے جس کے بعد مملکت سے اس موذی وبا کے خاتمے کی بہت بڑی اُمید پیدا ہو گئی ہے۔

سعودیہ میں کروناوائرس سے بچاوٴ کے لیے ویکسین لگوانے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ گئی ہے۔اس وقت سعودی عرب بھرمیں 587 ویکسی نیشن مراکزکام کررہے ہیں۔جہاں تارکین وطن اور مقامی افراد کو ویکسینیں مفت لگائی جارہی ہیں۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین لگانے کے لیے مزید مراکز بھی کھولے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران توکلنا اور صحتی ایپ پر ایک لاکھ سے زائد مقامی اور تارکین افراد نے ویکسی نیشن کے لیے اپنی رجسٹریشن کروائی ہے۔

جس سے پتا چلتا ہے کہ لوگ جلد از جلد ویکسین لگوا کر خود کو محفوظ بنانے کے لیے کتنے بے چین ہیں۔ مملکت میں ویکسین لگانے کا عمل دسمبر 2021ء کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا گیا تھا۔ اس وقت مملکت میں کئی ویکسینز لگائی جا رہی ہیں۔ پہلے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ افراد اوردائمی امراض کے شکار افراد کو ویکسین لگائی گئی، اب دوسرے مرحلے میں ویکسین لگوانے والوں میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

مملکت میں مقیم تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ویکسین لگوانے کے خواہش مندوں کو توکلنا ایپ پر رجسٹریشن کروانی ہوتی ہے، جس کے بعد انہیں مخصوص سنٹر پر جا کر ویکسین لگوانے کی تاریخ اور وقت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ اس تاریخ سے پہلے یا بعد میں ویکسین لگوانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ ایسی صورت میں دوبارہ اپائنٹمنٹ لینا ہوتی ہے۔

رجسٹریشن کا مقصد ویکسی نیشن سنٹرز پر رش سے روکنا ہے تاکہ لوگ اپنے اپنے وقت پر آ کر سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ویکسین لگوا کر اس موذی وبا سے محفوظ ہو سکیں۔واضح رہے کہ سعودی شہر جدہ میں چند ہیلتھ ورکرز کو ویکسین نہ لگوانے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ۔سعودی میڈیا کے مطابق ان گرفتار کیے گئے ملازمین کو ایک خصوصی کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت جدہ کے ڈائریکٹر کے مطابق محکمہ صحت کے کچھ اہلکار بار بار کی تاکید کے باوجود ویکسین لینے سے انکار کر رہے تھے۔ ان کا یہ عمل اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا مترادف ہے۔ کئی بار ان سے ویکسین لگوانے میں تاخیر کی وجہ بھی پوچھی گئی مگر یہ معقول عذر پیش نہ کر سکے۔ بالآخر پتا چلا کہ یہ جان بوجھ کر ویکسین نہیں لگوانا چاہ رہے ہیں ، جو کہ ان کی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کے مترادف تھا۔جس کی وجہ سے انہیں حراست میں لے کر ایک تادیبی کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔