فیسوں میں 20 فیصد کمی کیخلاف پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی درخواست مسترد ہوگئی

پیرا کی جانب سے پالیسی فیصلے پر اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے اختیارات کا استعمال نہیں کرسکتی ، پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن این سی او سی کے پاس تحفظات لے کر جاسکتی ہے۔ عدالت نے فیصلہ جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 7 مئی 2021 11:57

فیسوں میں 20 فیصد کمی کیخلاف پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی درخواست مسترد ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مئی 2021ء ) فیسوں میں 20 فیصد کمی کے خلاف پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی درخواست مسترد ہوگئی ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی فیسوں میں کمی کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن کو اپنے تحفظات این سی او سی کے پاس لے کر جانے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کیخلاف دائر درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ، فیصلے میں عدالت نے فیسوں میں کمی کے خلاف پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی درخواست مسترد کردی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی نے اپریل سے پرائیوٹ اسکولز کو فیسوں میں 20 فیصد رعایت کا نوٹی فیکشن جاری کیا ، پیرا نے اپریل 2021ء سے اسکولز کھلنے تک فیسوں میں رعایت کا نوٹی فیکشن جاری کیا تاہم درخواست گزار کی جانب سے پیرا کے نوٹی فیکشن کو عدالت میں چیلنچ کیا گیا ، درخواست گزار کی استدعا کیلئے یہ عدالت متعلقہ فارم نہیں ہے ، کیوں کہ پیرا کی جانب سے پالیسی فیصلے پر اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے اختیارات کا استعمال نہیں کرسکتی ، پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن این سی او سی کے پاس تحفظات لے کر جاسکتی ہے ، اسلام آباد ہائی کورٹ پرائیوٹ اسکول اسیوسی ایشن کی درخواست کو خارج کرتی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کر دیا گیا ، ، جس کے تحت اپریل اور مئی کے فیسوں میں 20 فیصد کمی کی جائے گی ، تفصیلات کے مطابق کورونا کی تیسری لہر میں وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے ، اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق اپریل اور مئی کے فیسوں میں 20 فیصد کمی کی جائے گی اور فیسوں میں کمی کا اطلاق 8 ہزار زائد فیسوں والے اداروں پر ہوگا۔