چینی راکٹ کا معاملہ نارمل ہے ، مملکت کے لیے کوئی خطرہ نہیں ، سعودی ماہر

ہم جانتے ہیں خلاء میں غلبہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں چین اپنے نام سے ایک خاص اسٹیشن قائم کرے گا،گفتگو

ہفتہ 8 مئی 2021 12:22

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) اس وقت دنیا بھر کی نظریں چین کے لانگ مارچ فائیو بی نامی راکٹ پر مرکوز ہیں جو خلا میں اپنے راستے سے ہٹ گیا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ بے قابو ہونے والا یہ راکٹ زمین کی فضا میں داخل ہو کر کہاں گرے گا۔ جمعرات کے روز چھوڑے جانے والے اس راکٹ کا وزن 21 ٹن ہے۔سعودی فورم فار اسپیس سائنسز اینڈ ریسرچز فلک کے سربراہ ایوب الصبیحی نے عرب ٹی وی کو دیئے گئے ایک بیان میں کہا کہ چینی راکٹ کے سعودی عرب پر گرنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

ان کے مطابق اس طرح کا واقعہ معمول کی بات ہے اور وقتا فوقتا پیش آتا رہتا ہے۔ اس مرتبہ زیادہ توجہ حاصل ہونے کی وجہ یہ ہے کہ یہ راکٹ زمین کے مدار میں بے قابو ہو کر داخل ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا خلائی جسم ہے۔

(جاری ہے)

الصبیحی کا کہنا تھا کہ اس راکٹ کے گنجان آباد علاقوں میں گرنے کا امکان بہت کم ہے۔ راکٹ کا بڑا حصہ فضائی غلاف میں جل جائے گا۔ اس کے بعد تھوڑا اور چھوٹا حصہ ہی زمین تک پہنچے گا۔

یہ پانی میں گرے گا جس کا زمین پر تناسب 71%ہے یا پھر یہ غیر آباد علاقوں میں گریگا جس کا تناسب 27%ہے۔ اس کا مطلب ہوا کہ گنجان آباد علاقوں میں گرنے کے امکان کا تناسب صرف 2%ہے۔الصبیحی نے مزید کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ چین اپنے نام سے ایک خاص اسٹیشن قائم کرے گا۔ اس لیے کہ وہ خلا میں غلبہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی فرضی عمر 2025 میں اختتام پذیر ہو جائے گی۔