عالمی برادری الشیخ جراح میں اسرائیلی غنڈہ گردی رکوائے،کویت

الشیخ جراح میں یہودی کالونیاں تعمیر کرنا قابل مذمت اقدام اور اسرائیل کی کھلی غنڈہ گردی ہے،بیان

اتوار 9 مئی 2021 15:15

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2021ء) خلیجی ریاست کویت نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں الشیخ جراح کے مقام پرآباد فلسطینیوں کو بے دخل کرنے اور ان کے خلاف طاقت کیاستعمال کی شدید مذمت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کویتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ الشیخ جراح کے مقام پر آباد فلسطینیوں کو نکال باہر کرنا اور وہاں پر یہودی کالونیاں تعمیر کرنا قابل مذمت اقدام اور اسرائیل کی کھلی غنڈہ گردی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ الشیخ جراح سے فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے بے دخل کرنے اوروہاںپر یہودی کالونیوںکی تعمیر انتہائی خطرناک اقدام ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے فلسطینیوں کو بے دخل کرکے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کے انتقامی حربے خطے میں دیر پا امن کیقیام کی کوششوں کو ناکام بنانے اور مشرق وسطی میںمحاذ آرائی میں اضافے کا باعث بنیں گی۔

کویت نے القدس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کی طرف سے طاقت کے استعمال پر یورپی ممالک برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی اور اسپین کی طرف سے جاری بیانات کا خیرمقدم کیا ہے۔ ان بیانات میں یورپی ممالک نے مشرقی بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام سے فلسطینیوںکی بے دخلی کے لیے طاقت کے استعمال کے اسرائیلی حربوں کی مذمت کی گئی ہے۔