انگلش کرکٹر سیم بلنگز 10 سالہ فلسطینی بچی کی فریاد سن کر غمزدہ

فلسطین کی موجودہ صورتحال دل دہلا دینے والی ہے: برطانوی وکٹ کیپر بلے باز کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 مئی 2021 14:09

انگلش کرکٹر سیم بلنگز 10 سالہ فلسطینی بچی کی فریاد سن کر غمزدہ
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی2021ء ) اسرائیلی جارحیت کیخلاف غیر ملکی کرکٹرز نے بھی فلسطین کیلئے آواز اٹھانا شروع کردی ۔ تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹر سیم بلنگز 10 سالہ فلسطینی بچی کی فریاد سن کر پریشانی و حیرت میں مبتلا ہوگئے ، سیم بلنگز نے فلسطینی بچی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’فلسطین کی موجودہ صورتحال دل دہلا دینے والی ہے، انگلش کرکٹر نے ’پرے فار فلسطین‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا‘۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں غزہ پر اسرائیلی بمباری سے تباہ گھر کے ملبے کے ڈھیر پر کھڑی ندین عبداللطیف نامی بچی کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ اپنے لوگوں کے لیے کچھ کروں تاہم میں کیا کرسکتی ہوں میں تو صرف 10 سال کی ایک بچی ہوں، میں جب یہ سب دیکھتی ہوں تو مسلسل روتی رہتی ہوں ،بچی کے مطابق میں خود سے کہتی ہوں کہ ہم اس سب کے اہل کیوں ہیں، میری فیملی کہتی ہے کہ وہ صرف ہم سے نفرت کرتے ہیں، وہ ہمیں پسند نہیں کرتے کیونکہ ہم مسلمان ہیں، آپ مسلمانوں کے ساتھ ایسا رویہ کیوں اختیار کرتے ہیں ؟،نین عبداللطیف کا کہنا تھا کہ آپ میرے عقب میں بچوں کو دیکھ سکتے ہیں، آپ ان پر میزائل سے حملہ کرکے قتل کیوں کرتے ہیں، یہ ٹھیک نہیں ہے‘۔

(جاری ہے)

10 سالہ بچی کی ویڈیو کو دیکھ کر ہر آنکھ نم ہوگئی۔