میرا رنگ روڈ کی الائنمنٹ اور ہاؤسنگ سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں، غلام سرور

رنگ روڈ کو اسکینڈل بنا کر مجھ سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، رنگ روڈ کے ساتھ میری ایک مرلہ زمین ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا، الزام لگانے والوں کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گا۔وفاقی وزیر ہوابازی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 مئی 2021 16:50

میرا رنگ روڈ کی الائنمنٹ اور ہاؤسنگ سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں، غلام ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2021ء) وفاقی وزیر شہری ہوابازی غلام سرور نے کہا ہے کہ میرارنگ روڈ کی الائنمنٹ اور ہاؤسنگ سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں، رنگ روڈ کو اسکینڈل بناکر مجھ سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، رنگ روڈ کے ساتھ میری ایک مرلہ زمین ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا، الزام لگانے والوں کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گا۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کافی عرصے سے زیر غور ہے، موجودہ اپوزیشن پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن تین تین بار اقتدار میں رہے، لیکن رنگ روڈ بارے کوئی فیصلہ نہ کرسکے۔جبکہ جی ٹی روڈ پر دیکھیں تو گجرات، وزیرآباد، گوجرانوالہ ، لاہور ہر شہر میں رنگ روڈ یا بائی پاس موجود ہے، لیکن پنڈی کا رنگ روڈ یا بائی پاس کیوں نہیں بن سکتا؟ اس بارے سوچا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

حالانکہ یہ جڑواں شہر ہیں، لیکن یہ پی ٹی آئی کی سوچ اور وژن تھا کہ رنگ روڈ بنائیں گے۔رنگ روڈ کی الائنمنٹ 2017ء میں ہوئی لیکن اس بارے کبھی کسی نے سوچا نہیں۔ این ایچ اے کے تحفظات تھے کہ رنگ روڈ بننے سے ٹھلیاں ٹول پلازہ جام ہوجائے گا، راولپنڈی رنگ روڈ پچھلی حکومتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے نہ بن سکا۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کی الائمنٹ کو اسکینڈل بناکر مجھ سے منسوب کرنے کی کوشش کی گئی، چیلنج کرتا ہوں وہ کونسا اسکینڈل تھا جس کی وجہ سے میری وزارت تبدیل کی گئی۔

وہ اسکینڈل معلوم کرکے سامنے لائیں ، وزیراعظم کا حق ہے کہ وہ فیصلہ کریں کس کھلاڑی کو کہاں کھیلنا ہے؟اگر کسی کے پاس میرا اسکینڈل تھا تو اڑھائی سال پہلے بتاتے۔میں نے اور میرے خاندان نے سیاست عبادت سمجھ کر کی ، ہم عزت دار لوگ ہیں اور عزت کرنا اورکروانا جانتے ہیں۔میرا اور میرے خاندان کا کسی ہاؤسنگ سوسائٹی اور رنگ روڈ کی الائنمنٹ سے کوئی تعلق نہیں، رنگ روڈ کے شروع سے آخر تک میری ایک مرلہ زمین ثابت کریں ہماری ایک مرلہ زمین ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔میں الزام لگانے والوں کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گا۔