دُبئی حکومت نے کئی پابندیاں ہٹانے کی خوش خبری سُنا دی

حکومت نے ہوٹلز کھولنے کا اعلان کر دیا، تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر سے بھی پابندی ختم ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 مئی 2021 13:28

دُبئی حکومت نے کئی پابندیاں ہٹانے کی خوش خبری سُنا دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی2021ء) دُبئی کی حکومت نے کئی پابندیاں ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔جس سے یہاں پر مقیم افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی کی سپریم کمیٹی آف کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے سوموار کے روز تقریبات اور دوسری سرگرمیوں کے حوالے سے احتیاطی تدابیر میں تبدیلی کی ہے۔ نئے پروٹوکول کے مطابق تفریحی سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی ہے اور ایسے مقامات کے لیے 70 فیصد کی گنجائش رکھی گئی ہے جبکہ ہوٹلز مکمل گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اُردو نیوز کے مطابق دبئی ریستوران، کیفے اور شاپنگ مالز میں ایک ماہ کے لیے آزمائشی بنیادوں پر براہ راست تفریحی سرگرمیوں کی اجازت بھی دے گا۔کمیٹی نے کہا ہے کہ نئے احتیاطی اقدامات کی پابندی کی جائے گی اور تفریحی سرگرمیاں دکھانے والے افراد کی کورونا کے خلاف ویکسینشن ضروری ہو گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ تبدیلیاں فوری طور پر نافذالعمل ہو گئی ہیں۔

ان سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کے لیے لازمی ہو گا کہ ماسک پہن کر رکھیں اور دو میٹر کے سماجی فاصلے کی بھی پابندی کریں۔سپریم کمیٹی نے ریستورانوں اور قہوہ خانوں کو ہدایت کی ہے کہ ریستوران میں ایک ٹیبل پر 10 سے زیادہ افراد نہ بٹھائے جائیں۔ قہوہ خانوں میں ایک ٹیبل استعمال کرنے والوں کی انتہائی حد چھ تھی اب بھی یہی ہوگی۔

ہوٹلوں اور شادی گھروں کو تقریبات منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے بشرطیکہ مہمانوں کی تعداد سو سے زیادہ نہ ہو۔ ریستورانوں، قہوہ خانوں اور شاپنگ سینٹرز میں تفریحی پروگرام منعقد کرنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ یہ سہولت تجرباتی طور پرایک ماہ کے لیے دی گئی ہے اور اس میں توسیع ہوسکتی ہے۔ کمیٹی نے کھیلوں کے پروگرام منعقد کرنے اور شائقین کو کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کی اجازت بھی ویکسینیشن کے ساتھ دی ہے۔کھلے مقامات پر زیادہ سے زیادہ 2500 اور ان ڈور میں زیادہ سے زیادہ 1500 افراد کی اجازت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :