پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک اسٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں انتقال کرگئے

فرہاد ہمایوں کی اچانک موت کی خبر نے فنکار برادری کوبھی دکھ میں مبتلا کردیا،فنکارسوشل میڈیا پر پیغامات کے ذریعے ساتھی موسیقار کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں

منگل 8 جون 2021 14:40

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک اسٹوڈیو میں ڈرمر کے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2021ء) پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک اسٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں انتقال کرگئے۔پاکستانی میوزک بینڈ اوور لوڈ کے بانی فرہاد ہمایوں کے انتقال کی خبر بینڈ کے تصدیق شدہ فیسبک پیج پر دی گئی، فرہاد ہمایوں کی اچانک موت کی خبر نے فنکار برادری کو گہرے دکھ میں مبتلا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح بینڈ کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ فرہاد ہمایوں اب ہم میں نہیں رہے۔پوسٹ میں بتایا گیا کہ حیرت انگیز فرہاد ہمایوں نے بیشمار چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کبھی اقدار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، وہ روحانی اور فنی دونوں لحاظ سے بہت آگے تھے۔۔پوسٹ میں کہا گیاہے کہ وہ چاہتا ہے کہ ہم اس کی زندگی کا جشن منائیں، لہٰذا ہم ان کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ان کا احترام کریں اور آج ان کے لئے دعا مانگیں۔

(جاری ہے)

ہم انہیں ڈیوڈ بووی کے یہ الفاظ کہتے ہوئے تقریبا سن سکتے ہیں: "مجھے نہیں معلوم کہ میں یہاں سے کہاں جا رہا ہوں، لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ یہ بورنگ نہیں ہوگا۔" ہمارے جینٹل جائنٹ کو خدا بخشے اور ہنگامہ برپا کرنے کیلئے آپ کا شکریہ۔بینڈ کی جانب سے پوسٹ میں تو موسیقار کی موت کی وجہ کوئی نہیں بتائی گئی تاہم 2018 میں موسیقار نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہیں برین ٹیومر ہوگیا ہے جس کا دنیا کے بہترین سرجن نے علاج کیا۔

فرہاد ہمایوں نے بتایا تھا کہ وہ برین ٹیومر میں مبتلا ہوگئے ہیں اس بیماری کا انہیں سیزیئر نامی بیماری کے دوران پتہ چلا۔سیزیئر ایک اعصابی بیماری ہے جس میں مبتلا شخص کو اچانک دماغ میں کرنٹ جیسے جھٹکے لگتے ہیں۔بہت سارے لوگوں نے سوشل میڈیا پر موسیقار کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اور اوورلوڈ نے ہماری جوانی کو یادگار بنایا ہے۔

نوجوان موسیقار فرہاد ہمایوں کی اچانک موت کی خبر نے فنکار برادری کو گہرے دکھ میں مبتلا کردیاہے۔فنکار سوشل میڈیا پر پیغامات کے ذریعے ساتھی موسیقار کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔پاکستانی گلوکارہ میشا شفیع، ساتھی موسیقار فرہاد ہمایوں کی اچانک موت پر غم میں مبتلا ہوگئیں۔انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر فرہاد ہمایوں کے ساتھ اپنے گانے میلا کریے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا میوزک کریئر بینڈ اوورلوڈ کے ساتھ شروع ہوا۔

میشا شفیع نے لکھا کہ بعض اوقات فرہاد ہمایوں کے ساتھ تنازعات کے باجود اچھا میوزک بنانے میں کامیاب رہی۔گلوکارہ نے لکھا کہ ابھی وہ صرف ہمایوں کے ساتھ بِتائے اچھے وقت کو یاد کر رہی ہیں۔میشا نے فرہاد ہمایوں کی یاد میں ان کے ساتھ ترتیب دیا ہوا اپنا گانا بھی شیئر کیا۔عدنان صدیقی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ فرہاد ہمایوں کی موت کی خبر نے غمزدہ کردیا ہے، ایک باصلاحیت نوجوان قسمت کے ہاتھوں اپنی زندگی کی بازی ہار گیا۔

انہوں نے لکھا کہ زندگی بہت نازک ہے، اللہ فرہاد کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔پاکستان کے نامور گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد نے فرہاد ہمایوں کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوید اور شہزاد ہمایوں کا بیٹا اب ہم میں نہیں رہا، بلاشبہ وہ ایک باصلاحیت کمپوزر تھے۔فیصل قریشی اور اعجاز اسلم نے بھی فرہاد ہمایوں کی موت پر سوشل میڈیا پر پیغامات شیئر کیے۔