ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کھلاڑیوں بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا، رائو جاوید اقبال

کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنی پڑے گی ، جس سے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے، گفتگو

منگل 8 جون 2021 16:56

ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کھلاڑیوں بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2021ء) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ہاکی کے سیکرٹری جنرل رائو جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کھلاڑیوں اورآرگنائزرز کو اپنا ،اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ، اس موقع پر الاقصی ہاکی کلب فیصل آباد کے صدررانا فراز انیس بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کسی دور میں مختلف کھیلوں میں دنیا پر حکمرانی کر رکھی تھی،جن میں ہاکی، سکواش، کرکٹ اور سنوکر وغیرہ کے کھیل شامل تھے ، آخرکار یہ اعزازت آہستہ ، آہستہ ہمارے ہاتھ سے نکلتے گئے اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ کھلاڑیوں نے محنت کرنا چھوڑ دی ، ملک میں کھیل کے میدانوں میں پرچی اور سفارشی کلچر پروان چڑھنا شروع ہو گیا اورملک میں کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر ختم ہوکر رہ گیا جس سے ہمارا کھیلوں کا معیاربلند ہونے کی بجائے گرنا شروع ہوگیا، گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی ادارے گراس روٹ سطح پر نرسری کا کردار ادا کرتے ہیں لیکن ہمارے ہاں حکومت کو تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں رائو جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث گذشتہ ایک برس کے دوران کھیل اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوا ہے لیکن اس کمی کو پورا کرنے کے لئے کئی ماہ تک کا عرصہ درکار ہو گا۔ کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنی پڑے گی ، جس سے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ اس موقع پر الاقصی ہاکی کلب فیصل آباد کے صدررانا فراز انیس نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن وسائل کی کمی ہے، کوئی بھی کھیل ملک میں حکومت اور سپانسر کی سرپرسی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی میں فیصل آباد اور گوجرہ کا ایک بڑا اہم نام ہے جس میں بڑے، بڑے کھلاڑی پیدا ہوئے اور ان کھلاڑیوں نے اولمپک اور عالمی سطح پر ہاکی میں ملک کا نام روشن کیا۔