ملالہ یوسفزئی کو شادی کے حوالے سے بیان پر دھمکی دینے والا مذہبی رہنما گرفتار

مفتی سردار علی حقانی کو انسداد دہشت گردی قانون کے تحت ایف آئی آر درج کیے جانے کے بعد بدھ کو گرفتار کیا گیاہی:لکی مروت پولیس

جمعہ 11 جون 2021 00:01

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2021ء) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مذہبی رہنما کو نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو شادی کے حوالے سے ان کے حالیہ بیان پر مبینہ طور پر دھمکی دینے اور تشدد کے لیے اکسانے پر گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ملالہ یوسفزئی نے 'ووگ' میگزین کو حال ہی میں انٹرویو دیا تھا، جس میں شادی سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتی کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں، اگر کسی شخص کو دوسرے شخص کا ساتھ چاہیے تو اس کے لیے لازمی نہیں ہے کہ شادی کے کاغذات (نکاح نامی) پر دستخط کیے جائیں، یہ صرف پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی'۔

لکی مروت پولیس نے تصدیق کی کہ مفتی سردار علی حقانی کو انسداد دہشت گردی قانون کے تحت ایف آئی آر درج کیے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مفتی سردار پشاور میں ایک اجتماع میں لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے اور ملالہ پر حملے کے لیے اکسا رہے تھے۔ان کے خلاف مقدمہ ایس ایچ او وسیم سجاد خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔