مسافر ویگن میں نصب سلنڈرموت باٹنے لگے

مختلف روٹس پر چلنے والی مسافر ویگنوں میں نصب غیر معیاری سلنڈر پھٹنے سے کئی قیمتی جانیں لقمہ اجل بن گئیں

جمعہ 11 جون 2021 22:08

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2021ء) مسافر ویگن میں نصب سلنڈرموت باٹنے لگے،مختلف روٹس پر چلنے والی مسافر ویگنوں میں نصب غیر معیاری سلنڈر پھٹنے سے کئی قیمتی جانیں لقمہ اجل بن گئیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ سے مانگا منڈی ،لاہور ،قصور ،للیانی ،سندر ،جیا بگا سمیت دیگر علاقوں میں چلنے والی مسافر ویگن میں نصب غیر معیاری سلنڈر کی وجہ سے حادثات کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے ، حکام کی عدم توجہی کے باعث مسافر ویگنوں میں ناقص گیس سلنڈر انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ بن گئے ہیں ،آر ٹی سیکرٹری ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے سینکڑوں مسافرخوف کے سائے تلے سفر کرنے پر مجبور ہیں سی این جی گاڑیوں کا کرایہ ڈیزل گاڑیوں کے کرائے ناموں کے مطابق وصول کیا جارہا ہے گاڑیوں میں اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ سمیت دیگر شکایات عام ہیں لیکن ٹرانسپورٹ محکمہ سفید ہاتھی کا روپ دھا رچکا ہے ،رائے ونڈ عالمی اہمیت کا حامل شہر ان دنوں ٹرانسپورٹرز کے رحم و کرم پے عالمی تبلیغی جماعت کے مندوبین کو اندرون ملک سفرکے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے رائے ونڈ کے ٹرانسپورٹرز کی من مانیوں سے مسافروں کا سفر کرنا عذاب بن چکا ہے خوف اور پریشانی کے عالم میں سفر کرنیوالے مسافروں نے میڈیا کو بتایا کہ شہرمیں جگہ جگہ ان مسافرویگنوں میں سلنڈر گیس کی فلنگ کا دھندہ بھی عروج پر پہنچ چکا ہے مسافر ویگن میں نصب غیر معیاری سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں اضافہ ہونے کے باجود سرکاری ادارے لمبی تان کر سوئے ہوئے ہیں چند ٹکوں کی خاطر انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو کھلی چھٹی دیدی ہے بس اڈوں میں ٹرانسپورٹروں کی اجارہ داری قائم ہے من مانے کرایوں کی وصولی کی شکایات ہونے کے باجود صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سمیت کسی افسر نے کارروائی کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر مسافر ویگنوں بسوں میں ناقص سستے اور غیر معیاری ایل پی جی اور سی این جی گیس سلنڈر لگا دئیے گئے ہیں جن کا معیار چیک کرنے کیلئے کوئی ادارہ قائم نہیں ہے سروے کے مطابق یہ چلتے پھرتے خطرناک بم انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں حکومت کی جانب سے اانتظامیہ کو سخت احکامات بھی جاری کئے جا چکے ہیں مگرٹرانسپورٹ اتھارٹی اس حوالے سے چپ اختیار کئے ہوئے اور کارروائی سے گریزاں ہیں ٹرانسپورٹروں کی بڑی تعداد نے گاڑیوں میں سی این جی کٹس لگا رکھی ہیں سرکاری کرائے نامے پر عملد ر آمدخواب بن چکا ہے کئی گنا زائد کرایہ وصول کیا جانا معمول بن چکا ہے مسافر گاڑیوں پر سفرکرنے سے ناصرف عدم تحفظ کا شکار ہیں بلکہ زائد کرایہ وصولی پر ذہنی کوفت کا بھی شکار ہیں شہریوں نے وزیرٹرانسپورٹ، کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہورسے نوٹس لینے اور اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔