72 سالہ شخص کیلئے کورونا وائرس بھیانک خواب بن گیا

مسلسل 10 ماہ مہلک وبا کورونا میں مبتلا رہا، 43 مرتبہ کرونا ٹیسٹ مثبت آیا، 7 مرتبہ موت کے منہ سے واپس لوٹا

muhammad ali محمد علی جمعہ 25 جون 2021 00:53

72 سالہ شخص کیلئے کورونا وائرس بھیانک خواب بن گیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2021ء) 72 سالہ شخص کیلئے کورونا وائرس بھیانک خواب بن گیا، مسلسل 10 ماہ کرونا میں مبتلا رہا۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے ایک بزرگ شہری کیلئے عالمی وبا کورونا ناختم ہونے والی اذیت بن چکی۔ ڈیو سمتھ نامی 72 سالہ ریٹائرڈ شہری 10 ماہ قبل کورونا میں مبتلا ہوا، اور تقریباً ایک سال اس خطرناک بیماری سے چھٹکارا حاصل نہیں کر سکا۔

بتایا گیا ہے کہ اب تک دنیا میں کہیں بھی ایسا کیس سامنے نہیں آیا، جہاں اتنے طویل عرصے تک کوئی شخص مسلسل کورونا میں مبتلا رہا ہو۔ ڈیو سمتھ کا بتانا ہے کہ وہ کئی مرتبہ خود کو موت کیلئے ذہنی طور پر تیار کر چکا ہے تاہم اس کی طبیعت بگڑنے کے بعد دوبارہ سنبھل جاتی ہے۔ ڈیو کے مطابق گزشتہ 10 ماہ کے دوران اس کا 43 مرتبہ کرونا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہ 7 مرتبہ ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد موت کے منہ سے واپس لوٹا۔

(جاری ہے)

اس دوران اس نے اپنے تمام بچوں اور رشتے داروں کو گھر میں اکٹھا کر کے خود کو موت کیلئے ذہنی طور پر تیار کر لیا تھا، تاہم پھر وہ ایک امریکی دوا کے استعمال کے نتیجے میں صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوا۔ امریکی دوا کے استعمال سے 305 دن تک کورونا میں مبتلا رہنے کے بعد 45 ویں کوشش میں اس کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا۔ اس کیس کے حوالے سے برطانوی طبی ماہرین کے مطابق مختلف ٹیسٹوں سے ثابت ہوا کہ کورونا وائرس اس 72 سالہ شہری کے جسم میں مسلسل 10 ماہ تک ایکٹیو رہا۔

مذکورہ مریض کے کیس پر مزید تحقیق جاری ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ابتدائی تجزیے کے دوران وہ یہ جاننے سے قاصر رہے کہ آخر کیسے کورونا وائرس تمام تر علاج کے باوجود مریض کے جسم میں 10 ماہ تک ناصرف موجود رہا بلکہ متحرک بھی رہا۔ اس حوالے سے باقاعدہ طبی تحقیق ہی سوالات کے جوابات دے سکتی ہے۔