پاکستان میں مقامی طورایک اوروینٹی لیٹرکامیابی سے تیار کرلیا گیا

مقامی طورتیارکردہ وینٹی لیٹر کو پاک وینٹ ون کا نام دیا گیا ہے‘ رجسٹریشن بھی کر لی گئی

بدھ 30 جون 2021 13:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2021ء) پاکستان میں مقامی طورایک اوروینٹی لیٹرکامیابی سے تیار کرلیا گیا ، مقامی طورتیارکردہ وینٹی لیٹر کو پاک وینٹ ون کا نام دیا گیا ہے۔وفاقی وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ڈریپ نے پاکستان میں تیارشدہ دوسرے وینٹی لیٹرکی منظوری دیدی ہے ، وینٹی لیٹرنیشنل انجینئرنگ سائنٹیفک کمیشن پاکستان نے تیارکیاہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی طورتیارکردہ وینٹی لیٹرکانام پاک وینٹ ون ہے، پاک وینٹ 1کوڈریپ کے میڈیکل ڈیوائسزڈویژن نے رجسٹرڈکیاہے، سربراہ ڈریپ ڈاکٹرعاصم رئوف نے پاک وینٹ ون کی رجسٹریشن کی تصدیق کردی ہے۔ڈاکٹر عاصم رئوف نے کہا ہے کہ پاک وینٹ ون رجسٹریشن کے بعدتیار اور استعمال ہوسکے گا، پاک وینٹ ون کی رجسٹریشن 5سال کیلئے کی گئی ہے اور اس وینٹی لیٹر کی سروس لائف 10 سال ہے۔سی ای او ڈریپ عاصم رئوف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیکل ڈیوائسز کی تیاری کا آغاز خوش آئند ہے اور پاک وینٹ وینٹی لیٹر کی تیاری خودانحصاری کی جانب قدم ہے۔خیال رہے ڈریپ نے پہلا مقامی وینٹی لیٹر آئی لیو گزشتہ ہفتے رجسٹر کیا تھا ، آئی لیو وینٹی لیٹر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا تیار کردہ ہے۔